آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کی وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال

آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود کشمیریو ں کایوم آزادی جوش وجذبے سے مناناکشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار کرتاہے ، روشن خور شید بروچہ

بدھ 15 اگست 2018 17:48

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد کی وفاقی وزیر روشن خورشید بروچہ سے ملاقات،مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے وفد نے محمدفاروق رحمانی کی سربراہی میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان روشن خورشید بروچہ سے اسلام آبا د میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے بہادر اور غیور کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود کشمیری نوجوانوں اور بچوں نے جس جوش وجذبے سے پاکستان کا یوم آزادی منایا ہے اُس کو پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ کشمیریوں کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار کرتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ وادی میں کشمیری پچھلے ستر سالوں سے جس جرات سے بھارتی فوج کی جارحیت اور ظالمانہ کاروائیوں کا سامنا کررہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کشمیری مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے سمیت کسی بھی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں گے اور بھارت کی ہر سازش کا بہادری سے ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حریت کانفرنس کے وفد نے وفاقی وزیر کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور وفاقی وزیر کی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں اُن کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ حریت کانفرنس کے وفد میں عبدالمجید ملک، اعجاز رحمانی اور عبداحمید لون نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں