اسد قیصر کا اراکین قومی اسمبلی طرف سے اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد پر شکریہ

عوام اور ارکان اسمبلی کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا ،ْ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کے لئے کام کیا جائے گا اور ہمیں مل کر عوام کی خدمت کرنا ہوگی ،ْ اسپیکر منتخب ہونے کے بعد پہلا خطاب

بدھ 15 اگست 2018 17:50

اسد قیصر کا اراکین قومی اسمبلی طرف سے اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد پر شکریہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) قومی اسمبلی کے نئے سپیکر اسد قیصر نے اراکین قومی اسمبلی طرف سے اپنے اوپر کئے جانے والے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام اور ارکان اسمبلی کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا ،ْ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کے لئے کام کیا جائے گا اور ہمیں مل کر عوام کی خدمت کرنا ہوگی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں سپیکر کے طور پر انتخاب کے بعد پہلے خطاب میں اسد قیصر نے کہا کہ وہ الله تعالیٰ کا شکر ادا کر تے ہیں جس نے انہیں پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کے منصب پر فائز ہونے کا موقع فراہم کیا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر جماعتوں کی طرف سے اپنے اوپر اعتماد کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ْانہوں نے کہا کہ اس اسمبلی میں سابق سپیکرز سردار ایاز صادق، سید فخر امام، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم پرویز اشرف جیسے سینئر رہنما موجود ہیں جو اس ایوان کا حصہ ہیں ،ْ ان کی مشاورت سے ہم آگے بڑھیں گے اور قومی ایجنڈے پر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپیکر کی بھاری ذمہ داری کا مجھے احساس ہے اور قائداعظم محمد علی جناح اور مولوی تمیز الدین جو اعلیٰ روایات قائم کر چکے ہیں، ان پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور اس ذمہ داری کو برقرار رکھنے اور اسے مزید فروغ دینے کی پوری کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے پابند ہیں اور وطن عزیز اور ہر شہری کا ہمارے اوپر حق ہے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کے لئے کام کریں، اور حلف اٹھا کر ہم نے اس کا عہد کیا ہے، اس پر ہم پہرا بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری آن اور شان پاکستان ہے، ہم مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔اسد قیصر نے کہا کہ ارکان کو قانون سازی کے لئے علمی، تحقیقی، مشاورت اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے، اس سلسلے میں میرے اس منصب کے دوران میں خود اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا عملہ ارکان اسمبلی سے مکمل تعاون کرے گا اور میں سیکریٹریٹ کے عملے کو بھی ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کے بغیر یہ ایوان نامکمل ہے۔ میڈیا کو بھی اسمبلی سیکریٹریٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں