قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنمائوں کی نومنتخب سپیکر اسد قیصر کو مبارکباد

توقع ہے نومنتخب سپیکر ایوان کو غیر جانبداری سے چلائیں گے، حکومت اور اپوزیشن کو مساوی وقت دیا جائے گا، جمہوریت کے استحکام کے لئے تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی، پارلیمانی رہنمائوں کا ایوان میں خطاب

بدھ 15 اگست 2018 19:05

قومی اسمبلی میں پارلیمانی رہنمائوں کی نومنتخب سپیکر اسد قیصر کو مبارکباد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) قومی اسمبلی میں مختلف جماعتوں کے پارلیمانی رہنمائوں نے نومنتخب سپیکر اسد قیصر کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ ایوان کو غیر جانبداری سے بطریق احسن چلائیں گے۔ اس ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کو مساوی وقت دیا جائے گا۔ جمہوریت کے استحکام کے لئے تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی۔

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے سپیکر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جو بھی رکن منتخب ہو کر آتا ہے اس کے مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہئے۔ کسی کو بھی نظر انداز نہیں ہونا چاہئے۔ جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی نے سپیکر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نواب اکبر خان بگٹی کو جس طرح شہید کیا گیا اس کے باوجود ہم نے پاکستان کے خلاف کبھی بات نہیں کی کیونکہ یہ ہمارا وطن ہے، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

جنرل مشرف نے ہم پر طرح طرح کے الزامات لگائے مگر ہم پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ بگٹی خاندان کا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں ہے۔ بلوچستان میں گیس نہیں ہے، لوگ لکڑی جلاتے ہیں، تعلیم اور صحت کی سہولیات وہاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے بھی سپیکر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سید خورشید شاہ نے پارلیمانی اور جمہوری انداز میں مقابلہ کیا اور نومنتخب سپیکر کی کامیابی تسلیم کی۔

میرا تعلق ایک چھوٹے صوبے سے ہے، پہلی مرتبہ قومی اسمبلی میں آیا ہوں، ہمیں بلوچستان کے لوگوں کی آواز بلند کرنے کے لئے یہاں بھجوایا گیا، ہم یہاں اچھی باتیں سیکھنے آئے تھے مگر یہاں جو کچھ ہوا وہ ہم بلوچستان اسمبلی تک نہیں لے جائیں گے۔ اگر یہاں یہی کچھ ہوتا رہا تو بلوچستان کے لوگ ہمیں آئندہ یہاں نہیں بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آمریت کے ادوار میں، ایوب خان، جنرل ضیاء اور جنرل پرویز مشرف کے ادوار میں ہونے والے مظالم کے باوجود جدوجہد جاری رکھی۔

ہم بلوچستان کی جو فریاد لے کر آئے ہیں اگر وہ نہ سنی گئی اور اس کا ازالہ نہ کیا گیا تو یہ آواز گونجتی رہے گی۔ متحدہ مجلس عمل کے رکن مولانا عبدالواسع نے نومنتخب سپیکر کو مبارکباد دی اور کہا کہ الیکشن میں دھاندلی اور کشمکش کے باوجود ایوان کے اندر جاری عمل جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہم اسی جمہوری تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے تعاون کریں گے۔ ہم جدوجہد آزادی جمہوری انداز میں چلائیں گے۔ ہمارے قائد کے فرزند مولانا اسد محمود یہاں ان کی شکل میں موجود ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی نے سپیکر کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں اپنی ذات سے بالاتر ہو کر عوام کے مسائل کو ترجیح دینا ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں