تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے کو بکتر بند گاڑی میں لاکر توہین کی جارہی ہے،شہباز شریف

عدالت میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی پر کرپشن ثابت نہیں کرسکی،ا نہیں سیاسی انتقا م کا نشانہ بنایا جارہا ہے،سابق وزیراعلیٰ

بدھ 15 اگست 2018 19:41

تین بار ملک  کے وزیراعظم رہنے والے کو بکتر بند گاڑی میں لاکر توہین کی جارہی ہے،شہباز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) میاں نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا کہ اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی سے خیبرتک لوگ آئے ،تین بار ملک کا وزیراعظم رہنے والا،پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا اور ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے والے نوازشریف کو بکتر بند گاڑی میں لاکر اس کی توہین کی جارہی ہے۔

عدالت میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی پر کرپشن ثابت نہیں کرسکی،ا نہیں سیاسی انتقا م کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کے تابع سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو ووٹ دیں گے اور دھاندلی زدہ انتخابات کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ہم سابق وزیراعظم کی رہائی کیلئے تمام قانونی و سیاسی راستے استعمال کریں گے۔

(جاری ہے)

عدالت میں ان سے ملاقات کرکے آیا ہوں اور وہ پوری طرح مطمئن ہیں کہ ملک وقوم کی خاطر تمام مصیبتیں جھیل رہا ہوں۔ووٹ کو عزت دو کا ان کا بیانیہ آج بھی شدومد سے جاری ہے اور ہر گھر سے اس کی صدا گونج رہی ہے۔سابق وزیراعظم نے پوری قوم کو آزادی کی مبارکباد دی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک پاکستان کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی دے اور کڑے وقت سے بچا کر رکھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی سے خیبراور کوئٹہ سے گلگت تک ملکت خداداد کا باسی سمجھتا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کو سزا کرپشن پر نہیں بلکہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔احتساب عدالت میں میاں نوازشریف کی پیشی کے موقع پر بڑی تعداد میں ممبران اسمبلی اور سابق ٹکٹ ہولڈر بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کے عدالت کے سامنے احتجاج کیا،اس موقع پر کارکنوں اور لیگی رہنماؤں نے نوازشریف کو رہا کرو،ووٹ کو عزت دو،تیرا قائد میرا قائد میاں نوازشریف کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

احتساب عدالت میں سب سے پہلے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے لیگی رہنما چوہدری تنویر،دانیال تنویر،شکیل اعوان ،سابق ٹکٹ ہولڈر ملک ابرار،سابق وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری،اسلام آباد سے سابق ٹکٹ ہولڈر انجم عقیل،ممبر قومی اسمبلی وسابق وزیر خارجہ حواجہ آصف،سابق وزیر داخلہ احسن اقبال،سابق وفاقی وزراء رانا تنویر،برجیس طاہر،چوہدری جعفر اقبال،خرم دستگیر،مریم اورنگزیب،ممبر قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر،سردار یعقوب شاکر،مسلم لیگ ن سندھ کے صدر شاہد محمد شاہ،ایم این اے ڈاکٹر مختار احمد بھرت،ایم این اے پرویز ملک،علی پرویز ملک ودیگر نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں