جعلی بینک اکاونٹس کیس: اومنی گروپ کے مالک انور مجید بیٹے سمیت گرفتا ر

ایف آئی اے نے کمرہ عدالت کے باہر سے باپ بیٹے کو گرفتار کیا ، اکاونٹس بحال کرنے کی استدعا مسترد،جے آئی ٹی کی تشکیل تک جائیدادیں قرق کرنے کا حکم برقرار

بدھ 15 اگست 2018 20:09

جعلی بینک اکاونٹس کیس: اومنی گروپ کے مالک   انور مجید بیٹے سمیت گرفتا ر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) وفاقی تحقیقاتی اداری( ایف آئی اے )نے جعلی بینک اکاونٹس منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور عبدالغنی مجید کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ عدالت نے اومنی گروپ کے اکاونٹس بحال کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جے آئی ٹی کی تشکیل تک جائیدادیں قرق کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے، عدالت نے جے آئی ٹی کی تشکیل سے قبل وکلاء کے دلائل سننے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28اگست تک ملتوی کردی ہے۔

بدھ کے روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جعلی بینک اکاوئنٹس سے منی لانڈرنگ کیخلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اومنی گروپ کے مالک انور مجید، عبد الغنی مجید ، علی کمال ،مصطفی مجید اور ،قمر مجید عدالت میں پیش ہوگئے توان کے وکیل شاہدحامد نے کہاکہ وطن واپسی میں مدد کرنے پر ایف آئی اے کے مشکور ہیں کیونکہ انور مجید اور انکے بچوں کا نام ای سی ایل میں شامل کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ ای سی ایل میں صرف انور مجید اور عبد الغنی مجید کے نام ہیں لیکن اب باقی تین بچوں کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کریں گے اس پر شاہد حامد نے کہاکہ عدالت کویقین دلاتے ہیں انور مجید اور بچے تحقیقات میں شامل ہوں گے، چیف جسٹس نے کہاکہ یہ لوگ زرداری فریال تالپور اور زین ملک کی طرح تحقیقات کا حصہ نہیں۔آج جے آئی ٹی سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے علی کمال مجید ،مصطفیٰ ،ذوالقرنین مجید کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا تو اومنی گروپ کے مالک انور مجید اور عبدالغنی مجیدکو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتارکرلیا گیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پانامہ جے ائی ٹی میں حساس اداروں سے متعلق غلط فہمی تھی میں سمجھتا تھا ایجنسیوں کے نام بعد میں شامل کیئے گئے تھے۔

آئی ایس آئی اور ایم آئی کے لوگ چوہدری نثار کی جے آئی ٹی تھے۔ عدالت جے آئی ٹی بناکر اس کی نگرانی بھی کرے گی۔ سپریم کورٹ نے انور مجید اور انکے بچوں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیدیاعدالت نے بچوں کے نام ای سی ایل میں نہ ڈالنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آبزرویشن دی کہ بچے ملوث نہ ہوے تو کلیئر ہو جائیں گے، تاہم انور مجید اور انکے بچوں کی مزید حاضری کی ضرورت نہیں، عدالت نے جے آئی ٹی کے قیام پر دلائل دینے کے لیے وقت دینے کی استدعا منظورکرتے ہوئے مزید سماعت 28اگست تک ملتوی کردی تو وکیل شاہد حامد نے اومنی گروپ کے بینک اکائونٹس بحال کرنے کی استدعا کی عدالت نے اومنی گروپ کے اکاونٹس بحال کرنے کی استدعا بھی مستردکرتے ہوئے کہاکہ جے آئی ٹی بننے تک جائیداد قرق رہے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں