تحریک انصاف کے قاسم خان سوری قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے

بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہونے والی رائے شماری میں تحریک اںصاف کے امیدوار 183 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے، اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود کو 144 ووٹ ملے

muhammad ali محمد علی بدھ 15 اگست 2018 19:13

تحریک انصاف کے قاسم خان سوری قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2018ء) تحریک انصاف کے قاسم خان سوری قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے، بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہونے والی رائے شماری میں تحریک اںصاف کے امیدوار 183 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے، اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود کو 144 ووٹ ملے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد اقتدار کی مرحلہ وار منتقلی کا آغاز ہوگیا ہے۔

اس سلسلے میں بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب کر لیے گئے۔ جبکہ بعد ازاں کروائی جانے والی رائے شماری میں تحریک انصاف کے ہی قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کر لیے گئے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے 176 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔ جبکہ قاسم سوری نے کل 183 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔

قاسم سوری کے مقابلے میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے الیکشن لڑنے والے اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسد محمود اپوزیشن کے کل 146 ووٹوں میں سے 144 ووٹ حاصل کر پائے۔ اپوزیشن کے 2 اراکین نے اسد محمود کی حمایت میں ووٹ نہیں دیا۔ انتخاب مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قاسم خان سوری سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کا حلف لیا۔ عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد قاسم خان سوری کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ بلوچستان کے حقوق کیلئے بھرپور اور موثر انداز میں آواز اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ قاسم خان سوری کو تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے کل ووٹوں سے 7 ووٹ زائد حاصل ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں