تحریک انصاف اپوزیشن جماعتوں میں دراڑ ڈالنے میں کامیاب

قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو پڑنے والے 7 زائد ووٹوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو پریشانی کا شکار کردیا

muhammad ali محمد علی بدھ 15 اگست 2018 19:46

تحریک انصاف اپوزیشن جماعتوں میں دراڑ ڈالنے میں کامیاب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2018ء) تحریک انصاف اپوزیشن جماعتوں میں ڈنٹ ڈالنے میں کامیاب، قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو پڑنے والے 7 زائد ووٹوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو پریشانی کا شکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد اقتدار کی مرحلہ وار منتقلی کا آغاز ہوگیا ہے۔

اس سلسلے میں بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب کر لیے گئے۔ جبکہ بعد ازاں کروائی جانے والی رائے شماری میں تحریک انصاف کے ہی قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کر لیے گئے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے 176 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔ اسد قیصر تحریک انصاف کے اتحاد کے کل 176 ووٹوں کے مقابلے میں 182 ووٹ ملے، تاہم 6 ووٹ مسترد کر دیے گئے۔

جبکہ قاسم سوری نے کل 183 ووٹوں کے ساتھ فتح حاصل کی۔ قاسم سوری کے مقابلے میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے الیکشن لڑنے والے اپوزیشن کے امیدوار اسد محمود کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسد محمود اپوزیشن کے کل 146 ووٹوں میں سے 144 ووٹ حاصل کر پائے۔ اپوزیشن کے 2 اراکین نے اسد محمود کی حمایت میں ووٹ نہیں دیا۔

اس صورتحال نے اپوزیشن جماعتوں خاص کر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو شدید پریشانی کا شکار کر دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید اپوزیشن جماعتیں بازی پلٹ دیں اور تحریک انصاف اپنا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر منتخب نہ کروا پائے۔ تاہم تحریک انصاف نے بازی پلٹتے ہوئے اپوزیشن کے ووٹ بھی حاصل کر لیے۔ اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے دوران بھی زائد ووٹ حاصل ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں