الیکشن کمیشن نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لئے الیکشن ٹربیونلز قائم کر دیئے

بدھ 15 اگست 2018 23:17

الیکشن کمیشن نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لئے الیکشن ٹربیونلز قائم کر دیئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) الیکشن کمیشن نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر انتخابی عذرداریاں نمٹانے کے لئے الیکشن ٹربیونلز قائم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق جسٹس مامون رشید شیخ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 68 سے 87 اور پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 28 سے پی پی 71، جسٹس شاہد مبین این اے 88 سے این اے 98 اور پی پی 72 سے پی پی 92 کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں پر دائر عذرداریاں نمٹائیں گے۔

جسٹس شاہد جمیل خان این اے 99 سے این اے 116 اور پی پی 93 سے پی پی 130 جبکہ جسٹس چوہدری محمد اقبال این اے 117 سے این اے 149 اور پی پی 131 سے پی پی 202، جسٹس محمد امیر بھٹی این اے 166 سے این اے 180 اور پی پی 237 سے پی پی 267، جسٹس سردار احمد نعیم این اے 150 سے این اے 165 اور پی پی 203 سے پی پی 236، جسٹس مجاہد مستقیم احمد این اے 181 سے این اے 195 اور پی پی 268 سے پی پی 297، جسٹس مرزا وقاص روئوف این اے 55 سے این اے 67 اور پی پی 1 سے پی پی 27 تک کی عذرداریاں نمٹائیں گے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس عمر سیال کراچی کے اضلاع ملیر، ایسٹ اور کورنگی کے علاوہ خواتین اور غیر مسلموں کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سندھ میں مختص نشستوں پر عذرداریاں نمٹائیں گے۔ جسٹس یوسف علی سعید سینٹرل ویسٹ اور سائوتھ کراچی کے اضلاع کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر دائر عذرداریاں نمٹائیں گے۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز جبکہ جسٹس خادم حسین ایم شیخ حیدر آباد، شہید بے نظیر آباد اور میرپور خاص ڈویژنوں سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر دائر عذرداریاں نمٹائیں گے۔

خیبر پختونخوا میں جسٹس مسرت ہلالی این اے 18 سے این اے 33 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشستوں پی کے 43 سے پی کے 84، این اے 40 سے این اے 51، خواتین اور اقلیتوں کی قومی و صوبائی اسمبلیوں میں مختص نشستوں پر دائر عذر داریاں نمٹائیں گی۔ جسٹس لال جان خٹک این اے 11 سے این اے 17 اور پی کے 25 سے پی کے 42، جسٹس محمد غضنفر خان این اے 1 سے این اے 10 اور پی کے 1 سے پی کے 24، جسٹس عبدالشکور خان این اے 34 سے این اے 36 اور پی کے 85 سے پی کے 93، جسٹس اعجاز انور این اے 37 سے 39 اور پی کے 94 سے پی کے 99 تک کی عذرداریاں نمٹائیں گے۔

بلوچستان میں جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 257 سے 264 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 1 سے 24 تک، جسٹس عبدالله بلوچ این اے 265 سے این اے 272 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی بی 25 سے پی بی 51 تک کی عذرداریاں نمٹائیں گے۔ جسٹس نذیر احمد بلوچستان سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر دائر عذرداریاں نمٹائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں