اپوزیشن پارلیمان کا ایک لازمی حصہ ہے ، پی ٹی آئی حزب اختلاف کی اپوزیشن اور تنقید کے حق کا احترام کرتی ہے،

پارلیمنٹ میں دی جانے والی مثبت تجاویز کو اہمیت دے گی پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیرمین رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی کی پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت

بدھ 15 اگست 2018 23:30

اپوزیشن پارلیمان کا ایک لازمی حصہ ہے ، پی ٹی آئی حزب اختلاف کی اپوزیشن اور تنقید کے حق کا احترام کرتی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیرمین رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارلیمان کا ایک لازمی حصہ ہے اور پی ٹی آئی حزب اختلاف کی اپوزیشن اور تنقید کے حق کا احترام کرتی ہے۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ میں دی جانے والی مثبت تجاویز کو اہمیت دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد ہوئے اور فافن سمیت یورپی یونین، دولت مشترکہ، قومی اور بین الاقوامی مبصرین کی جانب سے بھی ان انتخابات کے شفاف ہونے کی توثیق کی گئی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اتحاد غیر فطری ہے جو زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کے لیے محمد شہباز شریف کی نامزدگی پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تمام وفاقی اکائیوں کو اہمیت دیتی ہے اور پارلیمان صرف اسی صورت میں مضبوط ہو گی جب تمام سیاسی جماعتیں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ شاہ محمود قریشی نے نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مبارکباد دی جنہوں نے 176 ووٹ حاصل کیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں