امید ہے متحدہ اپوزیشن وزیراعظم کے متفقہ امیدوار کے فیصلے پر قائم رہے گی، آرٹی ایس سسٹم کی خرابی انتخابات میں دھاندلی کا بڑا ثبوت ہے، مائزہ حمید

جمعرات 16 اگست 2018 12:58

امید ہے متحدہ اپوزیشن وزیراعظم کے متفقہ امیدوار کے فیصلے پر قائم رہے گی، آرٹی ایس سسٹم کی خرابی انتخابات میں دھاندلی کا بڑا ثبوت ہے، مائزہ حمید
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) کی رہنما و رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بڑی جنگ لڑی ہے اور جانوں کے نذرانے دیئے ہیں، میاں شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے وزیر اعظم کے امیدوار ہیں ۔ جمعرات کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، انہوںنے جمہوریت کے فروغ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے، جمہوریت میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔

توقع ہے کہ پیپلزپارٹی میاں شہباز شریف کو ووٹ دے گی۔ انہوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف نے ماضی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ سخت رویہ نہیں رکھا، ماضی کے دھرنے کے دوران پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بقاء کے لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ساتھ رہے۔

(جاری ہے)

مائزہ حمید نے کہا کہ اختلافات جمہوریت کا حسن ہے، مسلم لیگ (ن)، پی پی پی اور متحدمجلس عمل نے متفقہ طورپر سپیکر و ڈپٹی سپیکر اور وزیراعظم کے امیدواروں کا فیصلہ کیا تھا۔

امید ہے کہ متحدہ اپوزیشن اس پر قائم رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، الیکشن والے دن رات کے وقت پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے عمل سے باہر کرنے سے شکوک و شبہات پیدا ہوئے اور آرٹی ایس سسٹم کی خرابی دھاندلی کا بڑا ثبوت ہے۔ اس حوالے سے پارلیمانی کمیشن قائم کیاجائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں