وزیراعظم کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری ‘ قومی اسمبلی کے اراکین 17اگست کو نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں گے

پیپلز پارٹی کا وزارت عظمیٰ کیلئے متحدہ اپوزیشن کا امیدوار تبدیل کرنے کا مطالبہ ، شہباز شریف کے نام پر پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ میں اختلافات بڑھ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 16 اگست 2018 13:09

وزیراعظم کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری ‘ قومی اسمبلی کے اراکین 17اگست کو نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں گے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2018ء) وزیراعظم کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردی گیا ، قومی اسمبلی کے اراکین 17اگست کو نئے وزیراعظم کا انتخاب کریں گے،اجلاس کل جمعہ کے روز ہوگا. قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلا مرحلہ وزیراعظم کے انتخاب کا ہے، اس سلسلے میں شیڈول جاری کردیا گیا ہے.

سیکرٹری قومی اسمبلی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج دوپہر2بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے اور3بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی اوروزارت عظمیٰ کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی جائے گی.

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے17اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران کسی بھی رکن کو بحث کی اجازت دیئے بغیر قائد ایوان(وزیراعظم)کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا.

قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کیلئے اجلاس بعد نماز جمعہ 3:30بجے شروع ہوگا، وپن رائے شماری کی بنیاد پر وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا. ڈویژن کے ذریعے ارکان دائیں اور بائیں کی لابیوں میں ووٹ ڈالنے چلے جائیں گے ،ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہونے پر قومی اسمبلی کے ایوان کے تمام دروازے بند کر دیئے جائیں گے. یہ دروازے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے تک بند رکھے جائیں گے تاہم دروازے بند کرنے سے قبل 5 منٹ کیلئے گھنٹیاں بجائی جائیں گی تا کہ ایوان سے باہر موجود ارکان ایوان میں آسکیں.

دوسری طرف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں، وزیراعظم کیلئے عمران خان کے تجویز کنندہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جبکہ تائید کنندہ فخر امام ہیں. مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی طرف سے بھی وزارت عظمی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادئیے گئے، ان کے کاغذات نامزدگی پارٹی راہنماﺅں خواجہ آصف، احسن اقبال اور ڈاکڑ درشن نے جمع کروائے.

ذرائع کے مطابق یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ18اگست کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے. دوسری جانب یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کیلئے متحدہ اپوزیشن کا امیدوار تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ، شہباز شریف کے نام پر پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ میں اختلافات بڑھ گئے. پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن )کے درمیان اختلافات پھر غالب آگئے ہیں وزارت عظمی کے امیدوار پر متحدہ اپوزیشن متحد نہیں رہی.

وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کے نام پر پیپلز پارٹی کے خدشات ہیں،پیپلز پارٹی کا ووٹ سوالیہ نشان بن گیا. بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کیلئے نامزد امیدوار تبدیل کرائیں گے. مسلم لیگ (ن )کی رہنما ءمریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ووٹ دے نہ دے،وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف ہی ہوں گے. اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر بھی مسلم لیگ (ن) نے احتجاج کیااور پیپلزپارٹی نے خاموشی اختیارکی ،اب پیپلزپارٹی نے وزارت عظمیٰ کے انتخاب سے پہلے متحدہ اپوزیشن کا امیدوار بدلنے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ نون لیگی راہنما یہ کہتے پھر رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی سندھ میں صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی میں اپنا قائد حزب اختلاف لانا چاہ رہی ہیں اور ممکنہ طور پیپلزپارٹی کی سابق اتحادی جماعتیں اسے قومی اسمبلی میں سپورٹ کریں گی اسلام آباد میں یہ اطلاعات بھی گردش کررہی ہیں کہ آصف علی زرداری بلاول کو قائد حزب اختلاف کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ اپنی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں.


اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں