پیپلز پارٹی کا وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) نے بھی وزیراعظم کے نام پر اختلافات کے باعث سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر (ن) لیگ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا، امیدوار نہ بدلا تو پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ کریگی، خورشید شاہ پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو ہماری مشاورت سے تو نامزد نہیں کیا، کسی جماعت کو حق دیتے ہیں تو یہ نہیں کہتے فلاں کونامزد کریں فلاں کونہیں، رانا ثناء اللہ

جمعرات 16 اگست 2018 22:32

پیپلز پارٹی کا وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے امیدوار کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ْاجلاس میں پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم کے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے پر بھی مشاورت ہوئی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے بھی وزیراعظم کے نام پر اختلافات کے باعث سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں اپنی جماعت کا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ن لیگ نے مختلف جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جے یو آئی ایف سے رابطہ کر لیا ہے ،ْاس وقت پیپلز پارٹی کی شیری رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔

قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ء وسابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کو وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھاکہ (ن) لیگ نے امیدوار نہ بدلا تو پیپلز پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مؤقف بدلاہے اس کا جواب وہ دے سکتے ہیں، پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو ہماری مشاورت سے تو نامزد نہیں کیا، کسی جماعت کو حق دیتے ہیں تو یہ نہیں کہتے فلاں کونامزد کریں فلاں کونہیں، امیدوار کو نامزد کرنا جماعت کی اپنی صوابدید تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی نامزدگی مسلم لیگ (ن) کی صوابدید تھی، اعتراض یہ نظر آتا ہے کہ زرداری صاحب کی کچھ مجبوریاں ہیں، آصف زرداری کوئی رعایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں توہمیں اعتراض نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں