کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ عمران خان اتنی بڑی ذمہ داری دینگے، قاسم سوری

جمعہ 17 اگست 2018 00:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ عمران خان اتنی بڑی ذمہ داری دینگے، اچانک معلوم ہوا کہ عمران خان مجھے ڈپٹی اسپیکر نامزد کر رہے ہیں، میں عمران خان کو مایوس نہیں کرونگا۔ تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لئے ساتھیوں کے ہمراہ ووٹ مانگنے پارلیمنٹ لاجز پہنچا تو دلچسپ واقعہ پیش آیا اور رات گئے لاجز کے نا معلوم کمرے کا دروازہ کھٹکھٹانے پرخورشید شاہ باہر آئے، ان سے بھی اپنے لئے ووٹ مانگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلے دروازے پر سید نوید قمر سے ملاقات ہوئی، شازیہ مری اور مولانا واسع سے بھی آمنا سامنا ہوا اور ان سے بھی ووٹ مانگے۔

قاسم سوری نے کہا کہ ہم بلوچستان میں پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، بلوچستان کے معاملات کو سیاسی انداز میں حل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے 2013ء کا الیکشن دھاندلی سے جیتا تھا محمود اچکزئی کو الیکشن ہرانا میرا مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون خواہ ملی پارٹی نے بلوچستان میں کرپشن کے بازار گرم کئے، کوئٹہ شہر گندگی سے بھرا پڑا ہی, پانی جیسی بنیادی سہولت بھی میسر نہیں، بلوچ خواتین نے روایات کے برعکس تبدیلی کو ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بلوچوں کے ساتھ کئے اپنے وعدے پورے کرینگے، بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے عمران خان نے بلوچستان سے کرپشن کے خاتمے کا ٹاسک دیا ہے جسے پورا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر بیٹھے لوگوں سے بات چیت کے ددوازے بند نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلوچستان حکومت سازی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کے مینڈیٹ کا احترام کیا، وہ بلوچستان کے معاملات پر بلیک میل نہیں ہونگے، بلوچستان کی ترقی عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں روزگار کیلئے بلوچستان کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنائینگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں