سپریم کورٹ نے والدین میں ناچاقی کے باعث والد کی جانب سے غائب کیا جانے والے ایک سالہ بچے روحان کو والدہ کے حوالے کردیا

جمعہ 17 اگست 2018 00:09

سپریم کورٹ نے والدین میں ناچاقی کے باعث والد کی جانب سے غائب کیا جانے والے ایک سالہ بچے روحان کو والدہ کے حوالے کردیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) سپریم کورٹ نے والدین میں ناچاقی کے باعث والد کی جانب سے غائب کیا جانے والے ایک سالہ بچے روحان کو اپنی والدہ کے حوالے کر تے ہوئے مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ہے اورواضح کیا ہے کہ بچہ پندرہ روزوالدہ کے پاس رہے گا۔ جمعرات کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین ر کنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پربچے کے والدکے وکیل نے موقف اپنایا کہ بچے کو اپنی والدہ سے خطرہ تھا،شازیہ اختر نامی خاتون دوہری شہریت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

جس پرچیف جسٹس نے سوال کیا کہ آخربچے کو والدہ سے کیا خطرہ ہو سکتا ہے اورباپ اپنے بچے کوکس طرح لے کر غائب ہو گیا، کیا بچے کے باپ کو قانون کا پتہ نہیں تھا،جو بچے کو لیکر مفرور رہا، پولیس چھاپہ مارتی رہی، بتایا جائے کہ والد کے خلاف پرچہ درج کر کے گرفتار کیوں نہیں کیا گیاجس پر بچے کے والد کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے موکل کے خلاف پرچہ درج ہو گیاہے۔ جس پرچیف جسٹس نے کہاکہ اگرپرچہ درج ہو گیا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، تاہم اب 15روز تک بچہ والدہ کے ساتھ رہے گا، جس دوران والدہ کا پاسپورٹ ضبط رہے گا ، بعدازاں عدالت نے ایک سالہ روحان کو اپنی والدہ کے حوالے کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں