عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے

عمران خان نے 176 ووٹ ، شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کئے، پیپلز پارٹی اور فاٹا سے دو آزاد اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

جمعہ 17 اگست 2018 21:19

عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار میاں محمد شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح عمران خان حلف اٹھانے کے بعد ملک کے 22 ویں منتخب وزیراعظم ہوں گے۔

قائد ایوان کے انتخاب کے بعد انتقال اقتدار کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور فاٹا سے دو آزاد اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں سپیکر اسد قیصر نے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے طریقہ کار سے اراکین کو آگاہ کیا جس کے بعد پانچ منٹ کے لئے گھنٹیاں بجائی گئیں اور پھر ایوان کے تمام داخلی دروازے بند کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

قائد ایوان کا انتخاب اوپن ڈویژن کی بنیاد پر ہوا۔ سپیکر نے تمام لابیاں خالی کرنے کا حکم دیا جس کے بعد سپیکر نے اپنی دائیں جانب لابی میں عمران خان کے حق میں رائے کا اظہار کرنے کے لئے ارکان کو جانے کی دعوت دی جبکہ اپنی بائیں جانب لابی میں محمد شہباز شریف کے حق میں رائے کا اظہار کرنے والے ارکان کو جانے کے لئے کہا۔ نتائج مکمل ہونے کے بعد سپیکر نے اعلان کیا کہ عمران احمد خان نیازی 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار میاں محمد شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ اس طرح عمران احمد خان نیازی 15 ویں قومی اسمبلی کے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں