22 سال کی جدوجہد رنگ لائی، عمران خان اپنے مخالف امیدوار شہباز شریف کو 80 ووٹس کے بھاری مارجن سے شکست دے کر قائد ایوان منتخب

نئے وزیر اعظم کے انتخاب میں کل 272 ووٹ کاسٹ ہوئے،عمران خان کی حمایت میں 176 ، شہباز شریف کو 96 ووٹ آئے پیپلزپارٹی نے کسی امیدوار کو ووٹ نہیںدیا نومنتخب وزیر اعظم کا جارحانہ انداز میں خطاب

جمعہ 17 اگست 2018 23:07

22 سال کی جدوجہد رنگ لائی، عمران خان اپنے مخالف امیدوار شہباز شریف کو 80 ووٹس کے بھاری مارجن سے شکست دے کر قائد ایوان منتخب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) 22 سال کی جدوجہد کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے مخالف امیدوار شہباز شریف کو 80 ووٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے ۔ جمعہ کو قائد ایوان کے انتخابات میں سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق کل 272 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمر ان خان کی حمایت میں 176 جبکہ مخالف امیدوار شہباز شریف کو کل 96 ووٹ پڑے۔

قائد ایوان کے انتخابات کیلئے قومی اسمبلی میں موجود بڑی سیاسی جماعتوں میں سے پاکستان پیپلزپارٹی نے کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی ووٹنگ کے عمل کے دوران ایوان میں موجود رہے تاہم پی پی پی کے کسی رکن اسمبلی نے قائد ایوان کے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے وزیراعظم منتخب ہونے والے رکن اسمبلی عمران خان کو قائد ایوان کی نشست سنبھالنے کی دعوت دی گئی۔

جس کے بعد نو منتخب وزیراعظم نے قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد پہلا خطاب کیا۔ نو منتخب وزیراعظم کے ایوان سے خطاب کے دوران اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی نے قائد ایوان کی نشست کے سامنے احتجاج جاری رکھا۔ تاہم نو منتخب وزیراعظم نے ایوان سے اپنا خطاب جارحانہ انداز میں جاری رکھا۔ عمران خان کے خطاب کے بعد سپیکر قومی اسمبلی اس قیصر نے ہارنے والے امیدوار شہباز شریف کو دعوت خطاب دی۔

جس دوران پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور مہمان گیلریوں میں موجود مہمانوں نے ’’گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے‘‘ اور ’’ڈاکو ڈاکو‘‘ کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔ اس موقع پر ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا۔ اور شدید شور کے باعث مخالفین کی آواز ’’ڈاکو‘ ڈاکو‘‘ کے نعروں میں دب کر رہ گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں