پرویز رشید اور سابق ایم ڈی پی ٹی وی یوسف بیگ مرزا کی طرف سے اربوں روپے کے سیکرٹ فنڈ کے غبن کرنے کا سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ نے قومی سلامتی کیخلاف سازش اور پاک فوج کیخلاف برطانوی اخبار میں اشتہارات چھپوانے پر سابق ایم ڈی ڈی پی ٹی وی یوسف بیگ مرز ا کیخلاف کارروائی کیلئے وزارت اطلاعات سے جواب طلب کرلیا

جمعہ 17 اگست 2018 23:34

پرویز رشید اور سابق ایم ڈی پی ٹی وی یوسف بیگ مرزا کی طرف سے اربوں روپے کے سیکرٹ فنڈ کے غبن کرنے کا سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) سپریم کورٹ نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے سابق ایم ڈی یوسف بیگ مرزا کی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور قومی فنڈز کی کرپشن کا نوٹس لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے وزارت اطلاعات و نشریات کے سیکرٹری کے علاوہ ایم ڈی پی ٹی وی سے جواب طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ نوٹس ایک درخواست پر لیا ہے جس میں یوسف بیگ مرزا پر پاک فوج ، قومی سلامتی کے خلاف سازش کر نے اور اربوں روپے کی کرپشن جیسے الزامات عائد کئے گئے ہیں چیف جسٹس آف پاکستان نے درخواست کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکومتی اداروں اور عہدیداران کو حکم دیا ہے کہ وہ متعلقہ درخواست پر جوابات 20 اگست سے پہلے پہلے عدالت میں جمع کروائیں۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست کے مندرجات کے مطابق یوسف بیگ مرزا نے 22 جنوری 1998 کو بطور ایم ڈی پی ٹی وی جوائن کیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی میں ملازمت اختیار کرنے سے قبل وہ بھارتی چینل ذی انٹرنیشنل سے وابستہ تھے وہ ذی چینل میں بطور جنرل منیجر چیف ایگزیکٹو آفیسر‘ ڈائریکٹر سیل اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ خدمات دیتے رہے ہیں۔ پی ٹی وی کو جوائن کرنے کے ایک ماہ کے اندر اندر متعلقہ وزارت اور حکومتی اداروں سے سیکرٹ فنڈز حاصل کئے حالانکہ قانون کے مطابق انہیں یہ فنڈز حاصل کرنے کا اختیار بھی نہیں ہے۔

درخواست کے مندرجات کے مطابق اس وقت کے چیئرمین پی ٹی وی پرویز رشید نے بھی سیکرٹ فنڈز سے اپنا حصہ وصول کرتے رہے ہیں اور فنڈز کے حصول کی باقاعدہ دستاویزاتی ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں اس اثناء میں 13 جولائی 1999 پاک فوج کے خلاف برطانوی اخبار ’’دی ٹائم‘‘ میں روگ آرمی کے اشتہارات چھپوائے گئے تھے یہ اشتہارات اس وقت چھپوائے گئے تھے جب نواز شریف اور آرمی چیف کے مابین شدید چپقلش جاری تھی اور کارگل کا واقعہ رونماء ہوچکا تھا جب اشتہارات برطانوی اخبارات میں چھپوائے گئے تھے ان سے پہلے یوسف بیگ مرزا نے برطانیہ کا دورہ کیا تاہم اس دورے کا مقصد ابھی تک واضح نہیں کیا جاسکا۔

پی ٹی وی چھوڑنے کے بعد یوسف بیگ مرزا نے ایک نجی چینل کو جوائن کیا وہاں دوسری ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے مفادات کا تحفظ بھی تھا۔ یوسف بیگ مرزا پر الزام ہے کہ انہوںنے پاکستان مخالف پراپیگنڈا میں ملوث بھارتی چینل ذی کے کئی صحافیوں کو پاکستان دورہ میں مدد دی اور ان کو ویزے جاری کرانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پی ٹی وی کے نو سال تک ایم ڈی رہنے کے دورانیہ میں بھاری مالی بدعنوانیوں میں ملوث رہے ہیں سپریم کورٹ نے اس پورے قومی سلامتی امور کے خلاف سازش کرنے اور قومی فنڈز کے غبن کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات سے جواب طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں