قومی اسمبلی نے ہالینڈ میں نبیؐ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی

ہفتہ 18 اگست 2018 00:09

قومی اسمبلی نے ہالینڈ میں نبیؐ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) قومی اسمبلی نے ہالینڈ میں نبیؐ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کرلی جبکہ نبیؐ سمیت تمام پیغمبروں کی شان میں گستاخی کو سب سے بڑی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ جمعہ کو پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے رولز معطل کرنے کی تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد انہوں نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ توہین آمیز خاکوں کی (پی وی ای) کی ہالینڈ کی پارلیمنٹ کی جانب سے مقابلہ کی اجازت دینا قابل مذمت ہے۔

یہ اقدام دہشت گردی کے فروغ کا موجب ہے، اس کو بند کیا جائے۔ قرارداد پر بات کرتے ہوئے ایم ایم اے کے رکن مفتی عبدالشکور نے کہا کہ رسولؐ کی شان میں گستاخی کی جسارت کی گئی ہے، ناموس رسالتؐ پر یہ ایوان متفق ہے۔

(جاری ہے)

ہالینڈ کی پارلیمنٹ کی طرف سے اجازت دینے کے عمل پر پاکستان اس سے سفارتی تعلقات منقطع کرے اور اپنا سفارتی عملہ واپس بلائے اور ان کے سفیر کو یہاں سے ملک بدر کرے۔

پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر عامر لیاقت نے کہا کہ عشق مصطفیٰ میں سبقت بھی اجر ہے۔ حضرت محمدؐ ایک انسان کامل ہیں، ہم ان کی ناموس پر مر مٹنا اعزاز سمجھتے ہیں۔ تحریک انصاف اور حلیف جماعتوں نے اس پر بغیر پڑھے دستخط کئے۔ دہشت گردانہ فکر اور منافرت پھیلانے والے لوگ قابل مذمت ہیں۔ نبیؐ کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر اس سے وضاحت طلب کی جائے۔ گیٹ فلٹر کی ممبر شپ ختم کی جائے۔ عمران خان 27 ستمبر کو اپنی تقریر میں نبیؐ سمیت تمام انبیاء کی توہین کو دہشت گردی قرار دینے کا مطالبہ دنیا کے سامنے رکھیں۔ سپیکر نے قرارداد ایوان میں پیش کی جس کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں