نعیم الحق کو بنی گالہ کے گیٹ پر روک دیا گیا

میں خان صاحب کو لینے آیا ہوں ، دیر ہو رہی ہے۔ نعیم الحق

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 09:14

نعیم الحق کو بنی گالہ کے  گیٹ پر روک دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق تقریب حلف برداری کے لیے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو لینے پہچنے تو انہیں بنی گالہ کے گیٹ پر ہی روک لیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نعیم الحق بنی گالہ کے گیٹ سے رکاوٹیں ہٹانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بنی گالہ کے گیٹ پر موجود رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے گارڈ سے سوال کیا کہ کیا مجھے جانتے نہیں ہو؟ انہوں نے سکیورٹی گارڈ سے خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر عمر میرے انڈر کام کرتے ہیں۔ میں خان صاحب کو لینے آیا ہوں ، دیر ہو رہی ہے۔جس کے بعد نعیم الحق کو بنی گالہ کے اندر جانے کی اجازت مل گئی۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر کے بعد ایوان صدر میں نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری ہو گی جس کے لیے عمران خان کچھ ہی دیر میں بنی گالہ سے ایوان صدر روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

ایوان صدر میں حلف برداری تقریب کے لیے تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت نامے جاری کیے گئے جبکہ عمران خان کے قریبی دوستوں کے علاوہ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔حلف برداری سے پہلے ایوان صدر میں قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد کابینہ سکریٹری صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کریں گے۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے۔حلف برداری کے بعد وزیراعظم حلف کی دستاویز پر دستخط کریں گے۔ جس کے بعد نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے انتخاب ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں