عمران خان نے پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا

صدرممنون حسین نے حلف لیا‘تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ‘ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ،غیرملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات کی شرکت‘نومنتخب وزیراعظم کے قریبی دوست اور سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو کی خصوصی آمد‘سدھو نے پرجوش انداز میںآرمی چیف جنرل باجوہ کو گلے لگا لیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 18 اگست 2018 11:49

عمران خان نے پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 اگست۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان کے 22ویں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا، صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا. حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا،جس کے بعد کابینہ سیکرٹری نے صدر مملکت ممنون حسین سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کی. نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی،جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا.

جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا. حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا.

(جاری ہے)

تقریب حلف برداری میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات،اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور اداکار جاوید شیخ، تحریک انصاف کے راہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی.

تقریب سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور گلے بھی ملے. حلف برداری تقریب میں عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی سفید رنگ کا عبایہ پہنے موجود تھیں ، وہ عمران خان کے ہمراہ بنی گالہ سے ایوان صدر تشریف لائیں تاہم وہ علیحدہ گاڑی میں تھیں. بنی گالہ سے ایوان صدر کیلئے روانگی سے قبل خاتون اول بشری بی بی نے اپنی دوست فرح خان اور عمران خان کے دوست زلفی بخاری کے ہمراہ ایک تصویر بھی بنوائی.

عمران خان نے سیاہ رنگ کی شیروانی پہن کر وزیر اعظم پاکستان کے عہدے کا حلف لیا،تقریب میں غیر ملکی سفیر بھی شریک ہیں، حلف برداری کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا. حلف برداری کی تقریب میں میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور پارلیمانی راہنماﺅں نے شرکت کی. واضح رہے کہ عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ تک پہنچے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے لیڈر آف دی ہاﺅس کے انتخاب میں انہوں نے سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو 96 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ حاصل کرکے شکست دی تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں