عمران خان کی وزیر اعظم آفس آمد ، ذمہ داریاں سنبھال لیں

وزیر اعظم عمران خان کو حکومتی امور پر بریفنگ دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 11:52

عمران خان کی وزیر اعظم آفس آمد ، ذمہ داریاں سنبھال لیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : وزیراعظم عمران خان نے آج ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب اختتام پذیر ہونے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس لایا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ گارڈ آف آنر لینے کے بعد وزیراعظم عمران خان وزیر اعظم آفس پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر حکومتی امور پر بریفنگ دی گئی اور ان سے وہاں موجود لوگوں کا فرداً فرداً تعارف کروایا گیا۔ واضح رہے کہ نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری آج صبح ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔

(جاری ہے)

تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
ایوان صدر میں وزارت عظمٰی کے عہدے کی حلف برداری سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا
جس کے بعد کابینہ سیکرٹری نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی، تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کالے رنگ کی شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔
عمران خان نے ایوان صدر سے نکلتے ہوئے پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا ۔ قبل ازیں انہوں نے تقریب حلف برداری کے لیے بنی گالہ سے ایوان صدر جاتے ہوئے بھی پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں