پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بطور وزیراعظم تقرری کا نوٹی فکیشن جاری

وزیراعظم کا عہدہ سنبھالتےہی عمران خان نے پہلی برطرفی کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 13:07

پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بطور وزیراعظم تقرری کا نوٹی فکیشن جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے آج صبح ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد عمران خان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ گارڈ آف آنر لینے کے بعد عمران خان وزیر اعظم آفس گئے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور حکومتی امور پر بریفنگ لی۔

تاہم عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقرری کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقرری کا نوٹی فکیشن کابینہ ڈویژن نے جاری کیاجسے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں بھجوادیا گیا ہے۔ نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف لیتے ہی پہلی برطرفی بھی کر دی اور سہیل عامر کو سیکرٹری وزیرا عظم کے عہدے سے ہٹا دیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق عامر سہیل سابق وزیراعظم کے سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دیتے تھے ، نو منتخب وزیر اعظم عمران خان نے سہیل عامر کو عہدے سے ہٹا کر گریڈ 21 کے افسر محمد اعظم کو وزیر اعظم کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ۔سہیل عامر کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عمران خان بحیثیت وزیراعظم حلف برداری کے ساتھ ہی نگران کابینہ تحلیل ہو گئی ہے جس کے بعد اب وزیر اعظم عمران خان اپنی کابینہ تشکیل دیں گے ۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کا قلمدان پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کو دیا جائے گا جبکہ اسد عمر کو عمران خان پہلے ہی وزیر خزانہ نامزد کر چکے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت داخلہ کا قلمدان ممکنہ طور پر وزیراعظم عمران خان اپنے پاس رکھیں گے۔ وزارت داخلہ کے معاملات میں معاونت کے لیے مشیر تعینات کیے جائیں گے۔ اور وزارت داخلہ میں مشیر کی تعیناتی کے لیے شعیب سڈل اور ناصر درانی کے نام زیر غور ہیں البتہ تاحال کسی نام پر حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ کچھ ذرائع کا کہنا کہ وزیر دفاع کا قلمدان پرویز خٹک کو دئے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آئندہ دو سے تین روز میں اپنی کابینہ کو حتمی شکل دے دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں