جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت، سابق صدر آصف علی زرداری کی حفاظتی ضمانت منظور

منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 13:18

جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت، سابق صدر آصف علی زرداری کی حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی حفاظتی ضمانت منظور ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد درخواست ضمانت دائر کی تھی جسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے منظور کرتے ہوئے آصف علی زرداری کو حفاظتی ضمانت دے دی گئی ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےدرخواست پرچیمبرمیں سماعت کی۔ اور ضمانت منظور کرنے پر آصف علی زرداری کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ عدالت آمد پر صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ عدالتوں میں پھر رہے ہیں، بتائیں ایسی کارروائیاں کیوں ہو رہی ہیں؟ جس پر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سابق صدر کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو چیمبر میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سابق صدر بینکنگ کورٹ میں پیش ہو کر عدالتی کارروائی کا سامنا کریں گے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ اسکینڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو 4 ستمبر تک گرفتار کیا جائے۔

آصف علی زرداری کو گرفتار کرنے کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ عدالت نے اس کیس میں مفرور ملزمان میں نمر مجید، اسلم مسعود اور عارف خان و دیگر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں بھی گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک  نے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تردید کی اور کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے جبکہ اس کے برعکس ایف آئی اے افسر نے آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی تصدیق کی تھی۔ تاہم آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں