ایوان صدر میں بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی آرمی چیف سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خوشگوار انداز اور پنجابی زبان میں نوجوت سنگھ سدھو سے بات کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 14:01

ایوان صدر میں بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی آرمی چیف سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : ایوان صدر میں آج صبح نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔ تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔

نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔ ایوان صدر میں بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف اور نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور بعد میں گلے بھی ملے۔

(جاری ہے)

نوجوت سنگھ سدھو نے اس ملاقات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے خوشگوار انداز میں پنجابی زبان میں مجھ سے بات کی۔

باجوہ صاحب کو گرونانک اور پنجہ صاحب جانے کا بتایا۔ میں نے انہیں اگلے سال گرونانک کی تقریبات میں شرکت کرنے کی خواہش کا بھی بتایا۔میں نے کہا کہ بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں وفد لانا چاہتا ہوں۔ جس پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جتنے لوگ مرضی آنا چاہیں آ سکتے ہیں ہم ویلکم کریں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی امن پسند ہیں، ہر جگہ آپ کو خوش آمدید ہی کہیں گے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاکستان کی پاک فوج کے چیف کی اچھے انداز میں بات چیت دل کو بہت بھائی۔ ایک طرف جہاں نوجوت سنگھ سدھو پاکستان آکر خوش ہیں اور آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے مطمئن دکھائی دے رہے ہیں وہیں دوسری جانب نوجوت سنگھ سدھو کا پاکستان کے آرمی چیف سے مصافحہ اور بغل گیر ہونا بھارتی میڈیا کو ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارتی میڈیا نے اپنے ہی کرکٹر کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے اس رویے پر پاکستانی عوام نے بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو ہمارے مہمان ہیں، ہم ان سے اچھا سلوک ہی کریں گے لیکن بھارتی میڈیا کو بھی نفرت انگیزی کی بجائے امن اور پیار محبت سے کام لینا چاہئیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں