وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں کون کون شامل ہو گا، کس کو کون سی وزارت ملے گی؟

عمران خان کی کابینہ کے متوقع نام سامنے آ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 14:38

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں کون کون شامل ہو گا، کس کو کون سی وزارت ملے گی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم عمران خان نے آج اپنے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد وزیراعظم آفس جا کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ عمران خان کے حلف اُٹھاتے ہی نگران وفاقی کابینہ تحلیل ہو گئی جس کے بعد عمران خان کے لیے سب سے پہلا ٹاسک اپنی کابینہ کو حتمی شکل دینا ہے۔ عمران خان کی وفاقی کابینہ میں کون کون شامل ہو گا اس حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کے کچھ متوقع نام سامنے آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں اسد عمر کو خزانہ ، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیریں مزاری کو وزارت دفاع، پرویز خٹک کو وزارت داخلہ ، شفقت محمود کو وزارت تجارت، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو وزارت ریلوے، علی امین گنڈا پور کو وزارت ہاؤسنگ، علی زیدی کو وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی اور شہریار آفریدی کو وزارت سیفران کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری کو وزارتِ اطلاعات اور عامر لیاقت حسین کو کو وزارتِ مذہبی امور کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں معروف معاشی ماہر عبد الرزاق داؤد اور سابق پولیس افسر شعیب سڈل مشیر ہوں گے جب کہ امین اسلم کو مشیر ماحولیات لگائے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کو صدارتی اُمیدوار نامزد کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عارف علوی کو وزیراعظم عمران خان نے صدر مملکت نامزد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عارف علوی کی بطور صدر مملکت نامزدگی کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج ہی اپنی کابینہ کا حتمی فیصلہ کر لیں گے ۔ وزیر اعظم عمران خان اپنی کابینہ کو پیر کے روز دفاتر میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ کل وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے اورعین ممکن ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس خطاب میں وفاقی کابینہ سے متعلق کچھ اہم اعلانات کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں