معاشرے سے کرپشن کاخاتمہ ، احتساب ، انصاف کی فراہمی ، معیشت کا استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی ، پاکستان کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ،معیشت کا استحکام، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوں کا اظہار خیال

ہفتہ 18 اگست 2018 14:51

معاشرے سے کرپشن کاخاتمہ ، احتساب ، انصاف کی فراہمی ، معیشت کا استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی ، پاکستان کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل ،معیشت کا استحکام، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنمائوں کا اظہار خیال
اسلام آباد ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اپنے قائد وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ’’نیا پاکستان‘‘ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرینگے۔

معاشرے سے کرپشن کاخاتمہ ، احتساب ، انصاف کی فراہمی ، معیشت کا استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اظہار ہفتہ کو ایوان صدر میں نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی 22سالہ جدوجہد رنگ لائی ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں عوام کا مینڈیٹ اور اعتماد ملا ہے، انہوں نے کہا کہ رویوں میں تبدیلی ضروری ہے ، جس انداز میں ملک چلایا جا رہا تھا وہ درست نہیںتھا، ہمیں اس کی سمت درست کرنی ہے اور حقیقی تبدیلی لانی ہے۔تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگر ترین نے کہا کہ ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے ، تحریک انصاف عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریگی، میرا ایک مشن تھا جو پورا کیا نئے پاکستان میں میرا کوئی باضابطہ کردار نہیں ہوگا تاہم نیک تمنائیں پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ ہیں۔

جہانگیرترین نے کہا کہ وہ فی الوقت بیرون ملک جا رہے ہیں ، یہ انکا اپنا ملک ہے اور وہ واپس آئیں گے، تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان ایک دلیر شخص ہیں ، کمزور طبقات کی بہتری انکی توجہ کا محور ہے ، انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں اور انہیں مثبت انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان اور رکن قومی اسمبلی فواد چوہدری نے کہا کہ آج ایک نئے عہد کا آغاز ہوا ہے ۔ عمران خان نے اپنی تقریر میں جو پالیسی رہنما اصول دیئے اس میں معیشت کا استحکام بہت اہم ہے ، انہوں نے کہا انفراسٹرکچر کی ترقی ضروری ہے لیکن انسانی وسائل کی ترقی اس سے بھی زیادہ ضروری ہے ۔ہماری توجہ کا محور انسانی وسائل کی ترقی ہوگی ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ آج پاکستان میں تاریخی دن ہے ، ہم عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرینگے ۔ صوبے کے پسماندہ اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائیگی، اس کے ساتھ ساتھ سیاحتی علاقوں کی بہتری کیلئے بھی بھرپور کاوشیں کی جائیں گی۔ پنجاب کے نامزد گورنر چوہدری سرور نے کہا کہ دیانتداری کے ساتھ محنت کریں تو کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے ، پینے کے صاف پانی ، تعلیم کے فروغ سمیت ہم عام آدمی کے مسائلپر توجہ دینگے ۔

ہماری توجہ کا بنیادی محور محروم طبقات کی بہتری ہوگی، اس پر ملک کے وسائل خرچ کرینگے ، انہوں نے کہا کہ معاشرے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں گے۔ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرینگے ، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ٹیم ورک کے ساتھ کام کرینگے۔ سندھ کیلئے نامزد گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے ، 14اگست 1947ء کے بعد آج ایک بار پھر اگست میں ہی ایک تاریخی دن آیا ہے، ایک خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے تاکہ معاشرے میں کرپشن کا خاتمہ ہو ، سب کا احتساب ہو ، ایک قانون سب پر لاگو ہو ، یکساں نصاب ہو ۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما عارف علوی نے کہا کہ آج خوشیوں کا دن ہے ،عوام کیلئے روزگار پیدا کرنا ، صحت تعلیم اور انصاف کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہیں ۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کئی سال کی محنت رنگ لائی ہے اور ایک جمہوری پارٹی برسراقتدار آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ایک نیا سورج طلوع ہوا ہے ۔ ہم اداروں کو مستحکم اور قوم کو یکجا کرینگے ۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا میں گورننس کے کامیاب تجربے کو مرکز اور دیگرصوبوں میں بھی اپنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کے پی کے میں برسراقتدار جماعت نے دوبارہ حکومت بنائی ۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر عثمان بزدار کی نامزدگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے کہ کس شخص کو کہاں لگانا ہے اور وہ بہترین افراد کا انتخاب کرتے ہیں ۔

اعظم سواتی نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے کئی سال پہلے پاکستان میں کرپشن کے خاتمے کا عزم لیکر آئے تھے ، آج اس عزم کو عملی جامہ پہنانے کادن آگیا ہے ۔ عوام ہم پر نظر رکھیں ، سب سے پہلے رہنمائوں کا احتساب ہوگا۔ میانوالی سے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نے کہا کہ تبدیلی کا وقت آ گیا ہے، عمران خان کو تعلیم کے فروغ سے جنون کی حد تک لگائو ہے۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی اور پاکستان کے تعلیمی نظام کو عام لوگوں کی رسائی تک لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی چیلنجز درپیش ہیں لیکن ہم ان سے عہدہ برآ ہونے کے لئے پرعزم ہیں، حکومت کی ترجیحات میں پاکستان کے عوام کے بنیادی مسائل کا حل معیشت کا استحکام، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو عموماً تین فرسودہ جملے سننے کو ملتے تھے کہ ملک کبھی ٹھیک نہیں ہو سکتا، کرپشن ہوتی رہے گی، اچھے لوگوں کی سیاست میں جگہ نہیں لیکن آج عوام نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان پر اعتماد کا اظہار کر کے ان سوالوں کا جواب دے دیا ہے کہ ملک درستسمت میں گامزن ہو رہا ہے، کرپشن کے خاتمے کے عزم کے ساتھ اچھے لوگ سیاست کے میدان میں برسراقتدار آئے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہاکہ آج پاکستان کے عوام کیلئے خوش قسمت ترین دن ہے ، انہوں نے کہاکہ نوجوانوں اور خواتین کی بہبود میری توجہ کا محور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقے ڈی جی خان کی ترقی پر بھی بھرپور توجہ دیں گی اور اسے دیگر علاقوں کیلئے مثال بنانے کی خواہاں ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں