ملک میں جاری کئی دہائیوں سے سٹیٹس کو ٹوٹ گیا

عمران خان نے 22 ویں وزیر اعظم کی حثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، صدر ممنون حسین نے حلف لیا، عمران خان کی آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے تعارفی ملاقات،سربراہان کی عمران خان کو مبارکباد نومنتخب وزیراعظم ہائوس منتقل ، گارڈ آف آنر پیش،ملک بھر سے مبارکباد کا سلسلہ جاری

ہفتہ 18 اگست 2018 20:02

ملک میں جاری کئی دہائیوں سے سٹیٹس کو ٹوٹ گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر ممنون حسین نے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لیا عمران خان جیسے ہی ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پہنچے تو وہاں پر تحریک انصاف کے راہنما نعیم الحق اور ملٹری سیکرٹری نے انہیں ویلکم کیا ۔

جونہی عمران خان ایوان صدر کے ہال میں داخل ہوئے تو قومی ترانہ بجایا گیا اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل جاوید باجوہ سمیت چاروں مسلح افواج کے سربراہان نے انہیں سلامی پیش کی۔ جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی اور تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔صدر ممنون حسین نے عمران خان سے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا ۔

(جاری ہے)

حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے۔جس کے بعد عمران خان کو صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کا 22 واں وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔ اس دوران عمران خان کی چیف آف آرمی سٹاف جنرل جاوید باجوہ سمیت چاروں مسلح افواج کے سربراہان سے تعارفی ملاقات ہوئی اور کچھ ہی دیر کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو بلیک چمچماتی مرسڈیز میں وزیر اعظم ہاؤس پہنچایا گیا جہاں پر ان کے اعزاز میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور عمران خان نے گارڈ آف آنر کا جائزہ بھی لیا بعدازاں عمران خان سے ملٹری سیکرٹری نے وزیر اعظم ہاؤس کے اسٹاف سے تعارف کرایا اور نو منتخب وزیر اعظم نے ان سے ہاتھ ملاتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور اس موقع پر عمران خان کو وزیر اعظم ہاؤس کے سٹاف نے مبارکباد بھی پیش کی۔

واضح رہے کہ تقریب میں شرکت کرنے والے مہمان تقریب حلف برداری میں خاتون اول بشریٰ بی بی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے سربراہان،چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور اداکار جاوید شیخ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر غیر ملکی سفیروں نے شرکت کی ۔

بنی گالا سے ایوان صدر روانہ ہوتے وقت لی گئی۔ تقریب سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور گلے بھی ملے۔واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طور پر بھارت سے پاکستان تشریف لائے ہیں۔حلف برداری کے بعد عمران خان وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں واقع ملٹری سیکریٹری کے چھوٹے مکان میں شفٹ ہو جائیں گے ۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔گزشتہ روز پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے لیے قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے۔اس سے پہلے اگر عمران خان کی بائیو گرافی کا جائزہ لیاجائے تو عمران خان 25 نومبر 1952 ء لاہور میں اکرام اللہ کے گھر پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم لاہور میں کیتھیڈرل سکول میں حاصل کی اور پھر آؑکسفورڈ یونیورسٹی سے ایم اے سیاسیات کیا ۔

1971 ء میں انگلستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا ۔ 1992 میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں عالمی کپ 22 رنز سے جیتا ۔ 1994 ء میں عمران خان نے کینسر کے مریضوں کے لئے لاہور میں شوکت خانم میموریل ہسپتال قائم کیا۔ 20 جون 1995 ء کو جمائما گولڈ سمتھ سے شادی کی ۔2004 میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی ۔ 1996 ء میں عمران خان نے عملی طور پر سیاست کا آغاز کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نام سے سیاسی پارٹی متعارف کروائی اور 1997 میں پہلی مرتبہ میانوالی اور لاہور کے حلقوں سے انتخاب لڑا جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔

6 جنوری 2015 کو ریحام خان سے شادی ہوئی اور 2018 کے آغاز میں روحانی شخصیت بشریٰ بی بی سے شادی ہوئی جس کے بعد عمران خان 2018 کے عام انتخابات میں ملک بھر سے بھاری اکثریت حاصل کرنے والے سیاستدان ابھر کر سامنے آئے اور انہوں نے کئی دہائیوں سے قائم سٹیٹس کو کا خاتمہ کر دیا ۔ ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں