وزیراعظم عمران خان کو عوامی جمہوریہ چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی قیانگ کی مبارکباد،

دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار، وزیراعظم پاکستان کو چین کے دورہ کی دعوت دی

پیر 20 اگست 2018 16:43

وزیراعظم عمران خان کو عوامی جمہوریہ چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی قیانگ کی مبارکباد،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) اسلام آباد۔ عوامی جمہوریہ چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیراعظم لی کی قیانگ نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کر کے منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق چینی وزیراعظم نے عام انتخابات میں کامیابی اور نئی حکومت تشکیل دینے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو چین کے دورہ کی دعوت بھی دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم کی طرف سے نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور مضبوط شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور چین کے مابین سٹریٹجک تعاون شراکت داری کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ غربت کے خاتمے، انسداد بدعنوانی اور تعلیم اور صحت جیسے سماجی شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے چینی تجربات سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں کیونکہ ان شعبوں میں اصلاحات ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری قومی اہمیت کا منصوبہ ہے اور ان کی حکومت کے دوران بھی یہ ترجیح کا حامل رہے گا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر چین کے ساتھ قریبی روابط جاری رکھے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم کی طرف سے دورہ چین کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ چین کے اپنے پہلے دورہ کے بے تابی سے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے چین کے وزیراعظم لی کی قیانگ کو بھی پہلی فرصت میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں