وزیراعظم عمران خان کے وژن اور سادگی وکفایت شعاری مہم کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں ذرائع ابلاغ کا اہم کردار ہے

سرکاری ذرائع ابلاغ کو غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی طرز پر کسی سیاسی مداخلت کے بغیر زیادہ خود مختار بنایا جائے گا سیاسی مقاصد کے لئے اشتہارات کے استعمال کے روایتی طریقے کو ختم کیا جائے گا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی وفاقی کابینہ کی حلف برداری کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

پیر 20 اگست 2018 16:43

وزیراعظم عمران خان کے وژن اور سادگی وکفایت شعاری مہم کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں ذرائع ابلاغ کا اہم کردار ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاکستان کے بارے میں غلط تاثرات کو دور کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ کے موثر کردار کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر مادر وطن کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور سادگی وکفایت شعاری مہم کو موثر انداز میں عوام تک پہنچانے میں وزارت اطلاعات اور ذرائع ابلاغ کا اہم کردار ہے۔

پیر کو ایوان صدر میں وفاقی کابینہ کے ارکان کی حلف برداری کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا ایشوز کے بارے میں نہ صرف لوگوں کو آگاہ کرنے اور شعور بیدار کرنے بلکہ قومی اہمیت کے معاملات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی حکومت معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے، کفایت شعاری مہم، صحت و تعلیم کے شعبوں کی بہتری، ماحولیاتی مسائل کے حل اور ادارہ جاتی اصلاحات سمیت مختلف شعبہ کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو اجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کی معاونت چاہے گی۔

انہوں نے بالخصوص سمندر پار پاکستانیز کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ان شعبوں کو نمایاں کر سکتا ہے جن میں ملک آگے بڑھ رہا ہے اور ان شعبوں کی بھی نشاندہی کرے جہاں سمندر پار پاکستانی سرمایہ کاری کر کے قومی معیشت کو فروغ دینے میں معاون ہو سکتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اپنی وزارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیحات میں عامل صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا اور آٹھویں ویج بورڈ کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)، ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن سمیت سرکاری ذرائع ابلاغ کے پیشہ ورانہ امور کار کو بہتر بنایا جائے گا اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی طرز پر کسی سیاسی مداخلت کے بغیر انہیں زیادہ خود مختار بنایا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان اداروں کے بورڈز کو زیادہ مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے سروس سٹرکچر کی تشکیل نو کی جائے گی۔

پی ٹی وی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسے بی بی سی جیسے بین الاقوامی نیوز چینلز کے برابر لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پی ٹی وی کو سارک کے خطے میں میڈیا کے میدان میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنانے کے لئے بھی کوشاں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لئے اشتہارات کے استعمال کے روایتی طریقے کو ختم کیا جائے گا جبکہ یہ کوشش ہو گی کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے جائز حقوق کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور تشکیل نو کے ذریعے انہیں زیادہ موثر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں