عمران خان کو معلوم نہیں ہے کون سے اختیارات ان کے پاس ہیں اور کون سے صوبوں کو منتقل ہو گئے ، احسن اقبال

نو منتخب وزیراعظم کو ایک بلدیاتی ادارہ چلانے کا بھی تجربہ نہیں ہے عمران خان نے نئے پاکستان کے مشن کی تکمیل کے لئے پرویز مشرف کی قدیم ٹیم مستعار لی ہے ،تقریر میں سی پیک منصوبے کا ذکر تک نہیں کیا، پریس کانفرنس

پیر 20 اگست 2018 20:56

عمران خان کو معلوم نہیں ہے کون سے اختیارات ان کے پاس ہیں اور کون سے صوبوں کو منتقل ہو گئے ، احسن اقبال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کو معلوم نہیں ہے کہ کون سے اختیارات ان کے پاس ہیں اور کون سے صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں۔ نو منتخب وزیراعظم کو ایک بلدیاتی ادارہ چلانے کا بھی تجربہ نہیں ہے۔ عمران خان نے نئے پاکستان کے مشن کی تکمیل کے لئے جنرل (ر) پرویز مشرف کی قدیم ٹیم مستعار لی ہے ۔

انہوں نے اپنی تقریر میں سی پیک منصوبے کا ذکر تک نہیں کیا۔ پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو معلوم نہیں ہے کہ کون سے اختیارات ان کے پاس ہیں اور کون سے اختیارات صوبے کے پاس ہیں۔ 18ویں ترمیم کے بعد بہت سے اختیارات صوبوں کو منتقل ہو گئے ہیں۔ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ نو منتخب حکومت ناتجربہ کار ہے ۔

(جاری ہے)

ہمارے نو منتخب وزیراعظم کے پاس ایک بلدیاتی ادارے کو چلانے کا بھی تجربہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کے مشن کی تکمیل کے لئے جنرل مشرف کی ٹیم لی ہے۔ نئے پاکستان کو طلوع ہونے سے پہلے ہی گرہن لگ گیا ہے۔ عمران خان نے اپنی تقریر میں انرجی اور پاو رسیکٹر کے لئے کوئی واضع بات نہیں کی۔ عمران خان نے وزارت داخلہ کا عہدہ اپنے پاس رکھا ہے۔

پاکستان کو ایک مستقل وزیر داخلہ کی ضرورت ہے جو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرائے۔ ہم نے سی پیک منصوبہ شروع کیا اور اس کا جال پورے ملک میں بچھایا ۔ ہم نے آزادکشمیر کو سی پیک سے جوڑنے کے لئے میر پور کو موٹروے کے ذریعے سی پیک سے جوڑا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے سی پیک سے منسلک ہے مگر عمران خان نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ آج قوم کو سی پیک کے قرضے کے بوجھ سے ڈرایا جا رہا ہے۔ یہ چین کا پاکستان کے لئے تحفہ ہے ۔ ہمیں 2.5فیصد کے تناسب سے 25سال کے عرصہ کے لئے قرض دیا گیا ہے۔عمران خان نے اپنی تقریر میں سی پیک منصوبے کا ذکر تک نہیں کیا۔ ان کی تقریر وزیراعلیٰ کی تقریر لگ رہی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں