پرانے چہروں پر قائم نئی کابینہ عمران خان کے بیانات کی نفی اور کھلا تضاد ہے ،ْفرحت اللہ بابر

پی ٹی آئی اٹھارویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنا چاہتی ہے جو انتہائی خطرناک ثابت ہوگا ،ْ رہنما پیپلز پارٹی

پیر 20 اگست 2018 21:44

پرانے چہروں پر قائم نئی کابینہ عمران خان کے بیانات کی نفی اور کھلا تضاد ہے ،ْفرحت اللہ بابر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پرانے چہروں پر قائم نئی کابینہ عمران خان کے بیانات کی نفی اور کھلا تضاد ہے ،ْپی ٹی آئی اٹھارویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنا چاہتی ہے جو انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔پی پی رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ رول بیک ہونے کا خدشہ ہے ،ْ عمران خان نے وہ باتیں کیں جو ہر شخص حکومت میں آنے کے بعد کرتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے سول ملٹری تعلقات پر کوئی بات نہیں کی، اپنے خطاب میں این ایف سی کا ذکر نہیں کیا، کیا وہ صوبوں سے اختیارات واپس لینا چاہتے ہیں فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وزیراعظم عمران نے پارلیمانی کمیشن بنانے کا بھی ذکر نہیں کیا،ان میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کا فقدان ہے،ان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ لڑائی ہوگی،وہ ایسی گاڑی پر سوار ہیں جو آج نہیں تو کل حادثے سے دوچار ہوگی اور ممکن ہے کہ انہیں سول ملٹری تعلقات میں سنگین حالات کا سامنا کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی اور بنیادی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ سول ملٹری کے ڈسٹراٹیڈ تعلقات کا ہے جو ایک ایسی گاڑی ہے جس کے اسٹیئرنگ پرایک شخص اورکنٹرول کسی اور کے پاس ہو وہ گاڑی ایک خوفناک حادثے کا شکار ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ این ایف سی کو رول بیک کرنا چاہتے ہیں،وزیراعظم پر ہمیشہ تنقید ہوتی رہے گی کہ وہ چوری کے انتخاب کے ذریعے اقتدار میں آئے تاہم ان کے خطاب سے لوگوں کو مایوسی ہوئی ہوگی۔

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ وزیراعظم آئندہ کا پروگرام دیں گے، عمران خان نے وہ تمام باتیں دہرائیں جو ہر شخص پہلے سے ہی جانتا ہے،انہوں نے اپنا لائحہ عمل نہیں بتایا، جن ٹاسک فورسز کا ذکر کیا یہ پہلے بھی بنتے رہے ہیںجس کا نتیجہ وہی ہوگا جو اس پہلے بھی آتا رہا ہے۔پی پی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان خود کو کرسی پر قائم رکھنے کے لیے ان قوتوں کا سہارا لے گا جو انہیں یہاں تک لے آئی ہیں تاہم میں عمران خان کے لئے کالے اور مشکل دن دیکھ رہا ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں