نوجوان ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں اٴْن کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن ضروری اقدمات اٴْٹھائے جائیں گے‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

پیر 20 اگست 2018 22:13

نوجوان ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں اٴْن کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن ضروری اقدمات اٴْٹھائے جائیں گے‘ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان کے حقوق کے تحفظ اور روزگار کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدمات اٹھائے گی۔ ان خیالا ت کااظہار انہوں نے سوموار کے روز لہتراڑ روڈ ، ترامڑی اسلام آباد میں تحریک انصاف یوتھ ونگ اسلام آباد کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اسلام آباد سے تحریک انصاف کے منتخب ممبر قومی اسمبلی راجہ خرم نواز بھی موجود تھے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور درپیش چیلنجوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقے کی فلاح و بہبود ،انہیں بہترین تعلیمی سہولیات اور روزگار کی فراہمی ، معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانااور ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانا اور عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئندہ پانچ سالوں میں ملک سے معاشی و معاشرتی ناانصافیوں کے خاتمے اور عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی تک رسائی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ قبل ازیں کوئٹہ سے آئے ہوئے ایک وفد نے ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی۔

وفد میں ظہور احمد آغا، داؤد خان کاکڑ ، عبدالوھاب آغا اور صابر خان ناصر شامل تھے۔ وفد کے شرکاء نے محمد قاسم خان سوری کو قومی اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کوئٹہ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے اس موقع پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے پسماندگی کا خاتمہ اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کہ اولین ترجیح ہے اور موجودہ حکومت نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک مربوط حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے۔ انہوں نے شرکاء کو کوئٹہ شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا یقین دلایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں