وزیراعظم عمران خان کا وزارت داخلہ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ

ماتحت اداروں میں کھلبلی ، ایف آئی اے ، نادرا اور پولیس اداروں کے ملازمین میں خوشی کی لہر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 14:23

وزیراعظم عمران خان کا وزارت داخلہ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے وزارت داخلہ کا قلمدان اپنے پاس رکھنے کا اعلان کیا جس کے بعد وزارت داخلہ میں تعینات افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم عمران خان نے اپنی وفاقی کابینہ کا اعلان کیا تو وزارت داخلہ کا قلمدان اپنے پاس رکھنے کا اعلان بھی کیا جس سے وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں میں تعینات کچھ افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے سے ایف آئی اے ، نادرا ، پولیس ، ضلعی انتظامیہ ،کوسٹ گارڈز ، اے این ایف ، ایف سی ، نیکٹا اورسول ڈیفنس کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

ان اداروں میں موجود ملازمین کا ماننا ہے کہ وزارت داخلہ کا قلمدان وزیرا عظم عمران خان کے پاس رہنے سے اداروں میں اصلاحات کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزارت داخلہ کا قلمدان پاس رکھنے کے اعلان کے بعد بعض افسران نے تبادلوں کے لیے بھی اپنی کمر کس لی جبکہ بعض افسران تبادلے رکوانے کے لیے کوششوں میں لگ گئے ہیں ۔

پولیس اور ایف آئی اے کے افسران میں زیادہ تذبذب پایا جا رہا ہے ، تصور کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی سب سے زیادہ توجہ ایف آئی اے اور پولیس پر ہو گی جس کے لیے کئی افسران ان کی زد میں بھی آ سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور نادرا کے افسران میں بھی تبادلوں اور سزاؤں کا خوف پایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سول ڈیفنس کے 40 سے زائد ملازمین کو گذشتہ 2 برس سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی تاہم وزیراعظم عمران خان کے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے اعلان پر تنخواہوں کے منتظر ملازمین کو اُمید کی ایک کرن نظر آئی ہے اسی لیے ان ملازمین میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں