ہم غریب اور ضرورتمند لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرکے مضبوط اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، اسد قیصر

معاشرتی ناہمواریوں کے خا تمے ،قربانی کے جذبے ،ہم آہنگی اور اخوت کے فروغ کے ذریعے فلاحی اسلامی معاشرے کے قیام کیلئے ٹھوس بنیاد فراہم کی جاسکتی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا پیغام

منگل 21 اگست 2018 14:56

ہم غریب اور ضرورتمند لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرکے مضبوط اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، اسد قیصر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارک باد دی ہے جو بدھ کے روز ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے ۔اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں سپیکر نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی سے انسانیت کے ایثار و بھلائی صبر اور برداشت کا درس ملتا ہے۔

سپیکر نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشیاں غریب اور نادا ربہن بھائیوں کی ضرورتوں کا خیال رکھ کر اور انھیں اپنی خوشیوں میں شامل کر کے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاشرتی ناہمواریوں کے خا تمے ،قربانی کے جذبے ،ہم آہنگی اور اخوت کے فروغ کے ذریعے فلاحی اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے ٹھوس بنیاد فراہم کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد اور امت مسلمہ کی خوشحالی اور تر قی کے لیے دعائوں کا دن ہے ۔

انہوں نے اللہ تعالی سے مسلمانوں کی نصرت و ہدایت اور ہر مشکل سے نجات اور حفاظت فرمانے کی دعا کی ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے بھی اپنے ایک پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر مبارک باد دی ہے ۔انہوں نے اس اہم اسلامی تہوار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی قربانی کے جذبے اور مسلمانوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں