وفاقی حکومت کا پی ٹی وی سے سیاسی سنسر شپ کے خاتمے کا اعلان

وفاقی حکومت نے سرکاری ٹی وی کی پالیسیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کرلیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 14:35

وفاقی حکومت کا پی ٹی وی سے سیاسی سنسر شپ کے خاتمے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : وفاقی حکومت نے سرکاری ٹی وی سے سیاسی سنسر شپ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کی پالیسیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سرکاری ٹی وی چینل سے سیاسی سنسر شپ کا خاتمہ کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو غیر جانبدار رہنے کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اطلاعات کے شعبے میں جلد ہی مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں اطلاعات کے شعبے میں تبدیلیاں سب کو نظر آئیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مبینہ طور پر پی ٹی وی کو موجودہ حکومت کے حوالے سے جانبدار رہنے کی ہدایات تھیں، تاہم اب وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں یہ سیاسی سنسر شپ ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ حلف برداری کے بعد عمران خان کی وفاقی کابینہ نے کام شروع کر دیا ہے۔ گذشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں پربھرپور احتجاج کریں گے،عوام کے جذبات کو سمجھتے ہیں،گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتے ہیں،احتجاج کے لیے ہالینڈ کے سفیر کوطلب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی کابینہ نے سخت مذمت کی ہے۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ہالینڈ کے سفیر کوطلب کرکے احتجاج کیا جائے گا۔حکومت عوام کے جذبات کو سمجھ سکتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے تین مہینے غیرملکی دورے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تمام سیکرٹریوں اور سفیروں کوبھی بیرون ملک دوروں کومحدود کرنے کا حکم دیا ہے۔خود بھی تین مہینے تک غیرملکی دورے پرنہیں جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری خرچے پرکوئی بھی باہر نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔فواد چودھری نے کہا کہ احتساب کا عمل ہم نے خود سے شروع کیا، ہمارا کرپشن کیخلاف عزم کسی شک سے بالا ہے۔تمام اثاثے عوام کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ حسن ،حسین نواز اور اسحاق ڈار قومی مجرم ہیں ۔

ان کوواپس لایا جائیں گے۔تاکہ سب قانون کے سامنے پیش ہوں اور مقدمات کا سامنا کریں۔جبکہ نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز پاکستان کی ملکیت ہے ان پراپرٹیز کوواپس لانے کیلئے برطانوی عدالت سے رجوع کریں گے۔مہنگی گاڑیاں نیلام کردیں گے۔جن میں 88گاڑیاں نیلام کر دی جائیں گی۔

وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات کم کریں گے لیکن ملازمین کونوکری سے فارغ نہیں کیا جائے گا۔سرکاری اور تاریخی عمارتوں کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ان میں ڈی سی اور کمشنرز کی رہائشیں بھی شامل ہیں۔سرکاری خرچ پرکسی وزیر کا بیرون ملک علاج نہیں ہوگا۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی دوصوبوں میں اپنی حکومت اور ایک صوبے میں مخلوط حکومت ہے ہم الیکشن جیتنے کیلئے اہل ہیں۔

عارف علوی کوآسانی سے صدر منتخب کروا لیں گے۔فواد چودھری نے کہا کہ شہزاداکبرکی سربراہی میں ٹاسک فورس بنائی گئی ہے ۔تاکہ بیرون ملک غیرقانونی اثاثوں کوپاکستان واپس لایا جائے۔اس ٹاسک فورس فوری کام شروع کردے گی۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے کہا کہ وزیراعظم کے اخراجات خودادا کئے، اگر نوازشریف نے چیک دیے ہیں ۔نوازشریف نے ٹیکس دیتے ہوئے غلط بیانی کی ہے یا پھر چیک والی بات غلط ہے۔

اگر وہ دینا چاہتے ہیں توہم اخراجات کی لسٹ بھجوا دیتے ہیں۔وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات بجٹ میں شامل ہوتے ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں سیاسی بھرتیاں نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ قواعد کے مطابق اپوزیشن بھی پی آئی ڈی کا پلیٹ فورم استعمال کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی بھاشا ڈیم اور دیگر منصوبوں سے متعلق رپورٹ دے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں