حکومت کا کسی کو بلا وجہ تنگ کرنے اور چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے،

وزیراعظم جو کہتے ہیں اس پر عمل کرتے ہیں، حکومت میں میرے سمیت کسی کا لحاظ نہیں کریںگے، ، اسلام آباد انتظٖامیہ اور سی ڈی اے پارکس ، گرین ایریا اور پلے گراؤنڈ پر ناجائز قبضہ ختم کر کے مذکورہ مقامات کو فوری طور پر کلیئر کرے اور اسلام آباد میں نئے سیاحتی مراکز قائم کئے جائیں، جن ہاؤسنگ سوسائٹیز نے قبرستان اور پارکوں کیلئے جگہ مختص نہیں کی ان کے این او سی سے کینسل کئے جائیں وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا چیف کمشنر آفس اسلام آباد میںاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اظہار خیال

منگل 21 اگست 2018 14:58

حکومت کا کسی کو بلا وجہ تنگ کرنے اور چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کا کسی کو بلا وجہ تنگ کرنے اور چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وزیراعظم جو کہتے ہیں اس پر عمل کرتے ہیں، حکومت میں میرے سمیت کسی کا لحاظ نہیں کریںگے، اسلام آباد انتظٖامیہ اور سی ڈی اے پارکس ، گرین ایریا اور پلے گراؤنڈ پر ناجائز قبضہ ختم کر کے مذکورہ مقامات کو فوری طور پر کلیئر کرے اور اسلام آباد میں نئے سیاحتی مراکز قائم کئے جائیں، جن ہاؤسنگ سوسائٹیز نے قبرستان اور پارکوں کیلئے جگہ مختص نہیں کی ان کے این او سی سے کینسل کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار منگل کو چیف کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ ختم کرانے کے حوالے سے روڈ میپ دیا ہے، اس کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ پارکس گرین ایریا اور پلے گراؤنڈ زپر ناجائز قبضہ فوری طور پر ختم کرایا جائے تاکہ اس کی رپورٹ جمعرات کو وزیراعظم کو پیش کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے قبل تین مرتبہ وفاقی وزیر اورسی ڈی اے کا انچارج وزیر رہا ہوں صرف ایک مرتبہ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے۔ ہر حکومت کی ترجیحات ہوتی ہیں وزیراعظم کے ساتھ 1990 ء سے تعلق ہے ان میں بے حد سادگی اور ورکر ٹائپ شخصیت کے مالک ہیں۔ کپڑوں کو کلف نہیں لگاتے، ، حکومت کا بلاوجہ کسی کو تنگ کرنے اور چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، وزیراعظم جو کہتے ہیں اس پر عمل کرتے ہیں، حکومتی ترجیحات کے اصول کیلئے میرے سمیت کسی کا لحاظ نہیں کریںگے، انہوں نے کہاکہ ساری زندگی لگا کر محنت کی، جب والدہ کو کینسر ہوا تو اس مرض کے علاج کیلئے ہسپتال نہیںتھے عمران خان نے اس مرض کے علاج کیلئے کینسر ہسپتال بنایا۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاکہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حصول کیلئے بڑی بڑی لابیاں کھڑی تھیں مگر کسی کی بھی پروا کئے بغیر صحیح لوگوںکو ٹکٹ تقسیم کئے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ اسلام آباد کے پارکوں، گرین ایریا اور پلے گراؤنڈ پر ناجائز قبضہ فوری طور پر اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے ختم کر کے کلیئر کر کے رپورٹ تین دن کے اندر تیار کرے تاکہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ کھوکھوں کے اندر لوگوں نے گھر تعمیر کر لئے ہیں جو غیر قانونی ہیں۔ سی ڈی اے کے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے پاس وافر مشینری موجود ہے مذکورہ مقامات میں آپریشن کر کے کلیئر کیا جائے تاکہ مذکورہ علاقوں میں دوبارہ کسی کے آنے کی ہمت نہ ہو۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاکہ سی ڈی اے کو نئے پلے گراؤنڈز پارکس اور سیاحتی مقام بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ پارٹیوں نے پارکس پر قبضہ کیا ہوا ہے، سی ڈی اے اس کو واپس لے اور خود چلائے، ان کا وزیراعظم کو وزٹ کرایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے وزیراعظم کے مشیر کو اسلام آباد کے پانچوں زون میں ناجائز تجاوزات اور زمین پر قبضہ کے حوالے سے بریفنگ دی اور ایکوائر کی گئی زمینوں کی نشاندہی اور سرکاری اراضی کی نشاندہی کی۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے عشرت علی نے سی ڈی اے کے سیکٹرز اور گرین ایریا میں تجاوزات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے گذشتہ روز بری امام آپریشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بری امام میں جس علاقے کا آپریشن کیا گیا ہے وہاں پر لوگوں نے ہمارے عملے پر پھتراؤ کیا اور ایک سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے کے سیکٹرآئی 12 پر افغان مہاجرین کی جانب سے کچی آبادی دوبارہ بنانے کے حوالے سے آگاہ تو اس پر وزیراعظم کے مشیر نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سی ڈی اے کی جانب سے سے سیکٹر آئی 11 میں آپریشن کے بعد علاقے کو خالی کرا لیا گیا تھا تو یہاں پر دوبارہ آبادی کس طرح بن گئی۔

وزیراعظم کے مشیر نے سیکٹر آئی 12 کچی آبادی کو فوری طور پر گرا کر مذکورہ سیکٹر کو کلیئر کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ہائی وے پر پٹرول پمپ بنانے کی اجازت کس قانون کے تحت دی گئی ہے اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کی ہے۔ ایس ایس پی (آیریشن )نجیب الرحمن نے اجلاس کو بری امام آپریشن کے حوالہ سے آگاہ کیا اور کہاکہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے اسلام آباد میں جنگلات کے تحفظ سیکٹر ڈی 12 سمیت اسلام آباد کے مختلف مقامات پر درختوں کی بے دریغ کٹائی روکنے کیلئے ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جنگلات میں اضافے کے حوالے سے نیا پروگرام متعارف کرا رہی ہے جس کا نام 10بلین سونامی ہے۔ اس پروگرام میں 10ارب پودے لگائے جائیںگے۔ انہوں نے اسلام آباد میں سرکاری زمین محکمہ اوقاف متروکہ وقف املاک کی اراضیِ کے حوالے سے بھی رپورٹ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں جن ہاؤسنگ سوسائٹی میں قبرستان، پارک اور پلے گراؤنڈ نہیں ہیں ان سوسائٹیز کا این او سی کینسل کر دیاجائے۔ا جلاس میں سیکرٹری پارلیمانی امورطاہر رضا نقوی، ایڈیشنل سیکرٹری پارلیمانی امور شمس الرحمن، چیف کمشنر اسلام آباد جوادت ایاز ، آئی جی اسلام آباد جان محمد، چیئرمین سی ڈی اے عشرت علی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات، ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمن، اے ڈی سی سمیت سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کے حکام موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں