سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسن سے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ (سی آر سی سی) کے نائب صدر ژانگ جن جُن کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور سمیت سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا

منگل 18 ستمبر 2018 13:46

سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسن سے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ (سی آر سی سی) کے نائب صدر ژانگ جن جُن کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ (سی آر سی سی) کے نائب صدر ژانگ جن جُن نے یہاں سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات ظفر حسن سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ چینی کمپنیاں مقامی افرادی قوت کو تربیت فراہم کرکے ان کی استعداد کار میں اضافہ کو یقینی بنانے میں معاونت فراہم کریں۔

ملاقات کے دوران سی آر سی سی کے نائب صدر نے ایم ایل ون منصوبہ کے پاکستان کی معیشت پر مثبت اقتصادی اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ تزویراتی منصوبوں میں سے ایک ہے جو تکنیکی طور پرمناسب ہے۔

(جاری ہے)

منصوبہ کی تکمیل سے نہ صرف پشاور تا کراچی ریل کے سفر میں آسانیاں پیدا ہوں گی بلکہ اس سے تجارتی سامان کی ارزاں نرخوں پر ترسیل میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ون کے علاوہ کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ کراچی کے مقامی افراد کی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی ان اہم منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ اس موقع پر سی آر سی سی نے اسلام آباد میں ترجیحی بنیادوں پر خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے لئے ملک کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

نائب صدر نے کہاکہ اسلام آباد میں ہائی ٹیک خصوصی اقتصادی زون بہت سود مند ثابت ہو گا کیونکہ اس کا محل وقوع بہترین ہے اور یہاں آر اینڈ ڈی شعبہ کے لئے انسانی وسائل وافر تعداد میں دستیاب ہیں۔ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن نے انہیں تمام سی پیک منصوبوں کیلئے وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی نئے منصوبہ کیلئے نجی و سرکاری شراکت داری میں دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت پاکستان خصوصی اقتصادی زونز کے جلد ازجلد قیام کے لئے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ کئی مراحل پر مشتمل ہے جس سے منصوبہ پر کی جانے والی سرمایہ کاری کی دستیابی میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ سی آر سی سی کے نائب صدر نے پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کو سراہا اور کہاکہ امن وامان کی صورتحال کی بہتری سے نہ صرف چین بلکہ دیگر کئی ممالک کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں