اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق، اوورسیز پاکستانیوں کی ایک فیصد تعداد آئی ووٹنگ کے لیے رجسٹرڈ

رجسٹریشن کی تاریخ بڑھانے کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ایک فیصد تعداد رجسٹر ہو سکی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : گذشتہ ماہ 17 اگست کو سپریم کورٹ کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کُل تعداد کا صرف ایک فیصد آئی ووٹنگ کے لیے رجسٹر ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ میڈیا مہم اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے رجسٹریشن کی تاریخ بڑھانے کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مجموعی تعداد میں سے صرف ایک فیصد تعداد نے اب تک انٹرنیٹ ووٹنگ کے لیے خود کو رجسٹر کیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق 6 لاکھ 31 ہزار 909 اہل افراد میں سے صرف 7 ہزار 4 سو 19 تارکین وطن نے وفاقی اور صوبائی حلقہ انتخابات میں 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے خود کو رجسٹر کروایا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 17 اگست کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے حق رائے دہی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ آئی ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو بالکل علیحدہ رکھا جائے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئی ووٹنگ کے انتخابی نتائج کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے،آئی ووٹنگ کے نتائج کو ضمنی انتخابات کے نتائج میں شمار کیا جائے گا۔کسی تنازعہ کی صورت میں آئی ووٹنگ کے نتائج کو الگ کر دیا جائے گا۔ جس کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خود کو رجسٹر کروانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم اب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق 6 لاکھ 31 ہزار 909 اہل افراد میں سے صرف 7 ہزار 4 سو 19 اوورسیز پاکستانیوں نے ہی خود کو رجسٹر کروایا جس کا مطلب ہے کہ اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کی شرح توقعات سے کئی گنا کم ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں