حکومت عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالے، اضافی ٹیکس لگائے گئے تو مہنگائی بڑھے گی، سینیٹر عبدالرحمان ملک

منگل 18 ستمبر 2018 13:51

حکومت عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالے، اضافی ٹیکس لگائے گئے تو مہنگائی بڑھے گی، سینیٹر عبدالرحمان ملک
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) سابق وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو دھاندلی کے حوالے سے ٹی او آرز بنائے گی۔ ضیاء دور میں افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ دیئے گئے جس کے ملک اور عوام پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کسی بھی غیر ملکی کو پاکستانی شہریت کی اجازت نہیں دیتا، وزیراعظم نے افغان اور بنگلہ دیشی شہریوں کو پاکستانی شہریت دینے کا اعلان کیا ہے، اسے پارلیمنٹ میں لانا چاہئے تاکہ اس پر سیر حاصل بحث کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ضیاء الحق دور میں افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ دیئے گئے جو پورے ملک اور عوام کی عالمی سطح پر بدنامی کا باعث بنے۔ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا کہ حکومت عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالے، اگر اضافی ٹیکس لگائے گئے تو اس سے مہنگائی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابات کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی ہے جو ٹی او آرز بنائے گی جو مثبت قدم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں