سینیٹر فیصل جاوید کو وزیراعظم ہاؤس کی بھینسوں کے ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر تنقید کا سامنا

اب پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا یہی لیول رہ گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 ستمبر 2018 15:10

سینیٹر فیصل جاوید کو وزیراعظم ہاؤس کی بھینسوں کے ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر تنقید کا سامنا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2018ء) : سینیٹر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے گذشتہ روز وزیراعظم ہاؤس میں موجود بھینسوں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو میں سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم ہاؤس کی بھینسیں ہیں ،جو بہت خوش نظر آ رہی ہیں کیونکہ انہیں پتہ چل گیا ہے کہ یہ کسی بادشاہ سلامت کی قید سے آزاد ہونے والی ہیں۔

یہ بھینسیں بادشاہ سلامت کی خدمت پر مامور تھیں لیکن یہ اب یہاں سے آزاد ہو رہی ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید کی اس ویڈیو پر ٹویٹر صارفین نے انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں ایسے رہنما موجود ہیں تو پھر حکومت کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

خاتون صارف نے کہا کہ یہ انتہائی بے ہودہ عمل ہے۔
ٹویٹر صارف نے سینیٹر فیصل جاوید کا تمسخر اُڑاتے ہوئے کہا کہ ایک سینیٹر اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی اسسٹنٹ کی ''مج'' رپورٹنگ۔

ایک خاتون صارف نے کہا کہ کیا کوئی پاکستان تحریک انصاف کے نمائندوں کے لیے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے جانے والے مواد کے حوالے سے کوئی پالیسی مرتب کر سکتا ہے؟ ان کا آئی کیو لیول کیا ہے یہ دنیا کو پتہ نہیں چلنا چاہئیے۔
ایک اور ٹویٹر صارف نے فیصل جاوید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تمہارے بارے میں اچھی رائے قائم کر رکھی تھی لیکن تم ایک اسٹیج پر اعلانات کرنے والے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے۔

ایک صارف نے حکومت کو ہی آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ کیا ہم نے اس کے لیے ووٹ دیا تھا ؟ برائے مہربانی اپنی ترجیحی فہرست پر ایک نظر ڈالئے۔
سینیٹر فیصل جاوید کی اس ویڈیو پر انہیں دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں