وفاقی وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت غریبوں اور پسماندہ افراد کی قانونی مدد کے لیے سفارشات دینے والی کمیٹی کا اجلاس

غریبوں اور معاشرہ کے پسے ہوئے افراد کی قانونی امدا د کے سلسلہ میں سینٹرل لیگل ایڈ اتھارٹی قائم کی جائے، وفاقی وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم کی تجویز

منگل 18 ستمبر 2018 20:53

وفاقی وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت غریبوں اور پسماندہ افراد کی قانونی مدد کے لیے  سفارشات دینے والی کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف ڈاکٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت غریبوں اور پسماندہ افراد کی قانونی مدد کے لیے میکنزم بنانے اور سفارشات دینے والی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم نے تجویز پیش کی کہ غریبوں اور معاشرہ کے پسے ہوئے افراد کی قانونی امدا د کے سلسلہ میں سینٹرل لیگل ایڈ اتھارٹی قائم کی جائے جس کی صوبائی سطح پر بھی سب کمیٹیاں ہوں تاکہ مالی وسائل کی کمی کے شکارمستحق افراد کو لیگل ایڈ فراہم کی جاسکے تاکہ وہ اپنے جائز حقوق کا تحفظ کرسکیں۔

اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ لیگل ایڈاتھارٹی کے بل کا مسودہ اور حوالہ کی شرائط کو وزارت انسانی حقوق دوہفتوں کے اندر اندر حتمی شکل دے گی جس کے بعد متعلقہ شراکت داروں کے جائزہ کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد یہ مسودہ اور حوالہ کی شرائط کمیٹی کے سامنے رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ وکلاء کا گروپ بھی نامزد کیا جائے گا جوکہ ان تجاویز پر عمل درآمد یقینی بنائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، احتساب بارے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر، لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری اور وزارت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں