وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو وزراء خارجہ کی ملاقات طے کرنے کیلئے خط لکھ دیا

خط میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ ملاقات کو یقینی بنا نے پر زوردیا گیا ہے ،اہم سفارتی ذرائع نے جوابی خط کی تصدیق کردی

جمعرات 20 ستمبر 2018 20:10

وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کو وزراء خارجہ کی ملاقات طے کرنے کیلئے خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2018ء) اقوا م متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھارتی ہم منصب سے سائیڈ لائن ملاقات طے کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر ا مودی کو جوابی خط لکھ دیا ۔ دونوں ممالک کو حل طلب مسائل مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

خط میں یہ کہا گیا ہے کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔اہم سفارتی ذرائع نے جوابی خط کی تصدیق کردی۔ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق شاہ محمودقریشی کی سربراہی میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد23ستمبر (اتوار) کی شام امریکہ کیلئے روانہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ متعدد ممالک کے اہم راہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

اہم سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کے 20اگست کو لکھے جانے والے خط کا مثبت جواب دیا ہے اور ددونوں ممالک کے مابین وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات کا سلسلہ بحال کیے جانے کی امید ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم نے نریندرا مودی کے ایک ماہ کے قبل لکھے جانے والے خط کا مثبت جواب دیا ہے۔

سفارتی ذرائع نے وزیراعظم عمران خان کے خط کی تصدیق کی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ جنرل اسمبلی کے اجلا س کے دوران سائیڈ لائن مذاکرات کرینگے۔ وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ اگرچہ دونوںممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں تاہم پاکستان حل طلب مسائل پر بات کرنے کیلئے تیار ہے۔ مسئلہ کشمیراور سرکریک ،سیاچن کے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کو اپنی عوام اور آئندہ آنے والی نسلوں کی بہتر ی کیلئے بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرکے بہتر مستقبل کی جانب بڑھنا چاہیے۔اس سے قبل عام انتخابات میں کامیابی کے بعد عمران خان نے اپنی وکٹری تقریر میں دونوںممالک کے تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے مثبت پیش رفت کا عندیہ دیا تھا۔ واضع رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو منصب سنبھالنے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نے مبارکباد کا خط لکھا تھا ۔ جس میں دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین دوستانہ اور پرامن تعلقات کا عندیہ دیا گیا تھا۔۔۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں