ْچیف جسٹس کیخلاف نازیبا گفتگو پر اسلام آباد پولیس فیصل رضا عابدی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:55

ْچیف جسٹس کیخلاف نازیبا گفتگو پر اسلام آباد پولیس فیصل رضا عابدی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا گفتگو پر اسلام آباد پولیس نے فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں پی آر او سپریم کورٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔

فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمہ زیر دفعہ 228،500، 505 دو، 506 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ جبکہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ7 اے ٹی اے بھی لگائی گئی ہے۔ فیصل رضا عابدی کے خلاف سائبر کرائم ونگ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایف آئی آر کے مطابق فیصل رضا عابدی نے چیف جسٹس کے خلاف بازیبا کلمات ادا کئے۔

(جاری ہے)

پروگرام آئن ایئر جانے کے بعد فیصل رضا عابدی کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی، جس میں انہوں نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو تضحیک کا نشانہ بنایا اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے۔

پولیس کے مطابق متعلقہ خاتون اینکر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ فیصل رضا عابدی 2009ء سے 2013ء تک پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر رہے، اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔ فیصل رضا عابدی پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر رہے ہیں، تاہم پارٹی سے اختلاف کے باعث وہ پارٹی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں