وزیر ریلوے شیخ رشید کا 8 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان

5 مال گاڑیوں اور 3 نئی مسافر ٹرینوں کا افتتاح بھی جلدی کیا جائے گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 23 ستمبر 2018 00:10

وزیر ریلوے شیخ رشید کا 8 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-22 ستمبر2018ء) :وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر کا جزوی حصہ عارضی طور پر کراچی منتقل کرنے کا اعلان کردیا اس کے علاوہ وزیر ریلوے نے پانچ مال گاڑیوں سمیت آٹھ نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریلوے کا اہم ترین اجلاس شیخ رشید کی صدارت میں ہوا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے تین نئی ٹرینیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر کے مہینے میں پہلی ٹرین لاہور سے فیصل آباد نان اسٹاپ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری ٹرین موئن جو داڑو ایکسپریس لاڑکانہ سے سیہون شریف اور جامشورو تک چلائی جائے گی جب کہ تیسری ٹرین روہی ایکسپریس پنوں عاقل، گھوٹکی، ڈھرکی، صادق آباد، رحیم یار خان اور خان پور تک چلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور تا فیصل آباد ٹرین یکم جب کہ موئن جو داڑو اور روہی ایکسپرس 16 اکتوبر سے شروع ہوں گی۔

(جاری ہے)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اعلان کیا کہ خستہ حال ٹریک کی صورتحال بہتر ہوتے ہی ٹرینوں کی اسپیڈ 160کلو میٹر فی گھنٹہ کردی جائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ان کے پچھلے عرصہ وزارت میں بھی دس مال گاڑیاں چلتی تھیں اور آج بھی ان کی تعداد وہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کے پہلے 100 دنوں میں یہ تعداد 15 تک پہنچادیں گے۔ ریلوے میں کرپشن پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہوں نے سابق وزیر کے دور میں الاٹ شدہ پلاٹوں اور لیز پر دی گئی اراضی کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

انہوں نے محکمہ ریلوے کی مالی حالات بہتر کرنے کے لیے دوقیمتی پلاٹس فروخت کرنے کا اعلان کیا اور کراچی خالی جانے والی مال گاڑیوں کے کرائے میں 50 فیصد کمی کا حکم دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا کہ ملتان، سکھر، کراچی، راولپنڈی اور لاہور کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ریزرویشن کے اوقات چار گھنٹے بڑھا کر رات12 بجے تک کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 30 دسمبر تک ریلوے کی ریزرویشن کے اوقات کار 24 گھنٹے کردیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں