وفاق کا اہم معاملات پر صوبوں کوساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، چاروں وزراء اعلیٰ کی شرکت،وزیراعظم کی صوبوں میں یکساں صفائی مہم، کراچی کیلئے پانی کا مسئلہ حل کرنے اور ایل این جی درآمد کے معاہدے کو سامنے لانے کا فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 24 ستمبر 2018 17:30

وفاق کا اہم معاملات پر صوبوں کوساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 ستمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں پانی کی قلت ، ڈیموں کی تعمیر، صفائی مہم سمیت صوبائی معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ نے وزیراعظم کی قیادت پراعتماد کا اظہار کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ ، وزراء خزانہ ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے بلدیاتی نظام اور وسائل کی مساوی تقسیم سے متعلق اپنے وژن سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاق صوبوں کوساتھ لیکر چلنے کا خواہاں ہے۔ وفاق اور صوبوں کے مسائل اتفاق رائے سے حل کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت نے اہم معاملات میں صوبوں کوساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قومی معاملات پرہم سب کواکٹھے ہوکر چلنا ہوگا۔

صوبوں کومزید خود مختار بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چاروں صوبوں میں یکساں طور پرصفائی مہم شروع کی جائے گی۔اس کے بعد پورے ملک میں صفائی مہم کومستقل طور پرجاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کیلئے پانی کے مسئلے کا حل اولین ترجیح ہے۔ کراچی کواضافی پانی دینے کیلئے تجاویز طلب کرلیں۔ گزشتہ ادوار کے ایل این جی درآمد کیلئے معاہدوں کی تفصیلات سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات پالیسی 2012ء میں ترمیم کے معاملے پرصوبوں کی آراء لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم اجلاس میں پنجا ب اور خیبرپختونخواہ کیلئے یکساں بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز دورہ لاہور میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا پی ٹی آئی حکومت کا سب سے اہم ایجنڈا ہے جس کا مقصد عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات کی عوامی سطح پر منتقلی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کا موثر احتساب کر سکیں۔ وزیر اعظم نے کہا اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوکل باڈیز کے نظام سے نئی لیڈرشپ کو اوپر آنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جمہوری نظام میں ایک بڑا مسئلہ یہ بھی تھا کہ ممبران پارلیمنٹ کی توجہ قانون سازی پر کم جبکہ دیگر امور بشمول اختیارات اور فنڈز کے حصول پر زیادہ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل باڈیز کے نظام کا مقصد اسٹیٹس کو کا خاتمہ ہے اور لوکل باڈیز کا ایک ایسا نظام متعارف کرایا جائے گا جس میں عوامی نمائندوں کو کسی سطح پر بھی بلیک میل نہ کیا جا سکے تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح پر مرکوز کر سکیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نئے نظام کی بنیاد جمہوری اقدار پر مبنی ہوگی جس میں گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوکل باڈیز نظام کو آئندہ 48 گھنٹوں میں حتمی شکل دی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں