پولش ائیر فورس کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات ،پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پیر 24 ستمبر 2018 17:46

پولش ائیر فورس کے سربراہ کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) پولش فضائیہ کے سربراہ برگیڈئیرجنرل یاسک پشتوا نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کوگارڈ آف آنر پیش کیا۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پولش فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا۔ پولش فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے افراد کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کو بھی سراہا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان قابل رشک تعلقات کی تعریف کی اور انہوں نے پاک فضائیہ کے ابتدائی دور میں تعمیر و ترقی اور جدیدیت میں پولش افسران کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔ دونوں معزز شخصیات دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص باہمی تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پرضامندی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں