وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چینی سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات،

بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع ، سی پیک کے تحت گوادر اور صوبے کے دیگر علاقوں میں جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 24 ستمبر 2018 17:53

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چینی سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے پیر کو یہاں پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ نے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سی پیک کے تحت گوادر اور صوبے کے دیگر علاقوں میں جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ صوبے میں منرل زونز کے قیام کے منصوبوں کو سی پیک میں شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں سی پیک کے تحت مجوزہ صنعتی زونز کے قیام کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت توانائی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں چین اور دیگر ممالک کی سرمایہ کاری کا فروغ چاہتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو فعال کیا گیا ہے اور یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔چینی سفیر نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کا اہم کردار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں