وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے جاپانی سفیرکی ملاقات، وفاقی وزیر نے جاپان۔بھارت سول نیوکلیئر معاہدہ کا معاملہ اٹھایا

پیر 24 ستمبر 2018 20:24

وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے  جاپانی سفیرکی ملاقات، وفاقی وزیر نے جاپان۔بھارت سول نیوکلیئر معاہدہ کا معاملہ اٹھایا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے پیر کو پاکستان میں جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے ملاقات کے دوران جاپان۔بھارت سول نیوکلیئر معاہدہ کا معاملہ اٹھایا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال بالخصوص خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر جاپانی سفارتخانہ کے فرسٹ سیکرٹری تاکا ہیرو تامورا بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے وزارت انسانی حقوق رابعہ جویری آغا سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے کہا کہ ہم انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے تعاون پر تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بالغوں کیلئے غیر رسمی تعلیم میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے انہیں حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خواتین کو شیلٹر فراہمی سمیت دیگر فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے ٹیکنیکل کام کی مہارتیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ تعاون بالخصوص انسانی حقوق کے تحفظ کے مزید فروغ کیلئے مل کر کام کرنے میں خوشی محسوس کریں گے۔ جاپانی سفیر نے ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں