بھارت اگر لڑنا چاہتا ہے تو ہم مزید 70 سال بھی لڑ سکتے ہیں، سی پیک سے پاکستان میں بہت بڑا بوم آنے والا ہے، کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے،

پورا پاکستان متحد ہے اور ہم بھارت کو جواب دینا جانتے ہیں،کشمیر کے لئے لڑنے والے حریت پسند ہیں، انہوں نے جس طرح جبر و استبداد کا سامنا کیا ہے وہ بے مثال ہے، کشمیر کے لاکھوں لوگوں نے وانی کے جنازے میں شرکت کی ، بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال

پیر 24 ستمبر 2018 22:12

بھارت اگر لڑنا چاہتا ہے تو ہم مزید 70 سال بھی لڑ سکتے ہیں، سی پیک سے پاکستان میں بہت بڑا بوم آنے والا ہے، کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اگر لڑنا چاہتا ہے تو ہم مزید 70 سال بھی لڑ سکتے ہیں، سی پیک سے پاکستان میں بہت بڑا بوم آنے والا ہے۔ بھارت نے اپنے اندرونی حالات کی وجہ سے بہانا بنایا، بھارت کی اندرونی سیاست سے متاثر نہیں ہوں گے، کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، پورا پاکستان متحد ہے اور ہم بھارت کو جواب دینا جانتے ہیں۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر رضا ربانی کی طرف سے عوامی اہمیت کے حامل معاملہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹر رضا ربانی نے جو نکات اٹھائے ہیں وہ اہم ہیں، اپوزیشن کا مشکور ہوں کہ انہوں نے بھارت کے حوالے سے جو بیانات دیئے ہیں ان سے سرحد پار ایک پیغام گیا ہے کہ وطن کی سلامتی اور حفاظت کے لئے پوری پاکستانی قوم اور سب سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو جوابی خط لکھا گیا تھا، پہلا خط بھارتی وزیراعظم نے بھیجا تھا۔ پاکستان اور بھارت میں تنازعات کو 70 سال ہو گئے ہیں، ہمیں ان مسائل کا حل چاہئے۔ بھارت اور پاکستان میں بنیادی تنازع کشمیر کا ہے اس پر بات کئے بغیر بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔ جنگ سے دونوں ملکوں میں کچھ نہیں بچے گا، ایک دوسرے کے ملک میں گھس کر بھی کچھ نہیں کیا جا سکتا۔

دوسرا راستہ بات چیت کا ہے۔ بھارت لڑنا چاہتا ہے تو ہم 70 سال اور بھی لڑ سکتے ہیں۔ مسلمان کا شمشیر پر ایمان ہے۔ ملک ترقی نہیں کرتے، خطے ترقی کرتے ہیں۔ سی پیک سے پاکستان میں بہت بڑا بوم آنے والا ہے۔ بھارت سے تعلقات بہتر ہوئے تو ہم دنیا کی دو بڑی منڈیوں کے درمیان ہوں گے، ہم مفاہمت چاہتے ہیں۔ جو بہانہ بنایا گیا اس کا تعلق بھارت کے اندرونی حالات سے ہے، دفاعی سودے میں مودی پر 8 سے 10 بلین ڈالر کمیشن کھانے کا الزام ہے، وہ اپنے اندرونی معاملے کو باہر شفٹ کرنا چاہتے ہیں۔

کشمیر کے لئے لڑنے والے حریت پسند ہیں۔ انہوں نے جس طرح جبر و استبداد کا سامنا کیا ہے وہ بے مثال ہے۔ کشمیر کے لاکھوں لوگوں نے وانی کے جنازے میں شرکت کی ، بھارت کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔،کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، بھارت سے میچ ہارنے پر پورے کشمیر میں افسوس ہوا، ہم امن کے لئے کھڑے ہیں، بھارت کی اندرونی سیاست سے متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان متحد ہے اور بھارت کو جواب دینا جانتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں