غریب عوام کیلئے صرف 10 فیصد گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں، قیمت میں اضافے کا اثر کسان پر نہیں پڑنے دیا جائیگا،اسد عمر

اوگرا نے بتایاہے 46 فیصد اضافہ ضروری ہے،154 ارب کاخسارہ تھا، یہ خسارہ گزشتہ حکومت کا تھا، ہم نے پیدا نہیں کیا، روپے کی قدر میں خطیر کمی واقع ہوئی ہے، اپوزیش لیڈر کہتے ہیں کوئی بحران نہیں ہم تو جس طرف نظر ڈالتے ہیں بحران ہی بحران نظر آتے ہیں، تمام سابق حکومتیں غیرملکی امداد لیتی رہیں، گردشی قرضہ 1100 ارب روپے پر پہنچ گیا،بجٹ میں ریگولیٹری ڈیوٹی پرتعیش اشیاء پر لگائی ہے، غریب آدمی کے استعمال کی کسی چیز پر ٹیکس نہیں بڑھایا گیا، گھنگرو والوں کیلئے مشورہ ہے اپنے حصے کا جائز ٹیکس دینا شروع کردیں، ہم ٹیکس چوروں کے پیچھے جائیں گے اور انہیں پکڑیں گے،ڈیم بارے جس خلوص نیت سے بات کی گئی کاش ایسے کام بھی کیا جاتا، وفاقی وزیر خزانہ کی قومی اسمبلی میں تقریر

پیر 24 ستمبر 2018 22:58

غریب عوام کیلئے صرف 10 فیصد گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں، قیمت میں اضافے کا اثر کسان پر نہیں پڑنے دیا جائیگا،اسد عمر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ غریب عوام کیلئے صرف 10 فیصد گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں، گیس کی قیمت میں اضافے کا اثر کسان پر نہیں پڑنے دیا جائے گا،اوگرا نے بتایاہے کہ 46 فیصد اضافہ ضروری ہے،154 ارب کاخسارہ تھا، یہ خسارہ گزشتہ حکومت کا تھا، ہم نے پیدا نہیں کیا، روپے کی قدر میں خطیر کمی واقع ہوئی ہے، اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کوئی بحران نہیں ہم تو جس طرف نظر ڈالتے ہیں بحران ہی بحران نظر آتے ہیں، تمام سابق حکومتیں غیرملکی امداد لیتی رہیں، ہم کہتے رہے ایکسپورٹرز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیں ہماری نہیں سنی گئی،گردشی قرضہ 1100 ارب روپے پر پہنچ گیا، ایک سال میں بجلی کے شعبے میں سالانہ خسارہ 453 ارب ہوا،بجٹ میں ریگولیٹری ڈیوٹی پرتعیش اشیاء پر لگائی ہے، غریب آدمی کے استعمال کی کسی چیز پر ٹیکس نہیں بڑھایا گیا، گھنگرو والوں کیلئے مشورہ ہے اپنے حصے کا جائز ٹیکس دینا شروع کردیں، ہم ٹیکس چوروں کے پیچھے جائیں گے اور انہیں پکڑیں گے،ڈیم کے حوالے سے جس خلوص نیت سے بات کی گئی کاش ایسے کام بھی کیا جاتا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سابق حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں اپوزیشن لیڈر کا شکریہ ادا کرتا ہوں ان کو جو بتایا گیا ہے اس کی وضاحت کردوں، سی پیک میں تمام توانائی منصوبوں کی سرمایہ کاری کا کہا گیا ہے ،ان میں 75 فیصد قرضے ہیں ان کا سود ادا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ غریب عوام پر زیادہ بوجھ نہ ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کیلئے صرف 10 فیصد گیس کی قیمتیں بڑھائی گئیں، امیروں کیلئے گیس کی قیمتیں 145 فیصد بڑھائی ہیں، اوگرا نے بتایا ہے کہ 46 فیصد اضافہ ضروری ہے،154 ارب کاخسارہ تھا، یہ خسارہ گزشتہ حکومت کا تھا، ہم نے پیدا نہیں کیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ 15ماہ میں گیس کی قیمتیں دو گنا بڑھیں، روپے کی قدر میں خطیر کمی واقع ہوئی ہے، سلنڈر پر ٹیکس 30 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گیس کی قیمت میں اضافے کا اثر کسان پر نہیں پڑنے دیا جائے گا، اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کوئی بحران نہیں ہم تو جس طرف نظر ڈالتے ہیں بحران ہی بحران نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھاد کی قیمت نہیں بڑھائینگے، ای سی سی میں تحریری طور پر درج ہے کھاد پر 6 سے 7 ارب روپے کی سبسڈی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام سابق حکومتیں غیرملکی امداد لیتی رہیں، ہم کہتے رہے ایکسپورٹرز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیں ہماری نہیں سنی گئی، گزشتہ دورِ حکومت میں ریکارڈ قرضے لئے گئے، پنجاب کیلئے گیس کی قیمت اتنی بڑھائی گئی کہ ٹیکسٹائل صنعت لوہے کے بھاؤ بکنے لگی، ہم نے 40 ارب روپے گیس کی مد میں انہیں رعایت دی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ 503 ارب روپے گردشی قرضہ میں سے 480 ارب فوری ادا کئے گئے، اب گردشی قرضہ 1100 ارب روپے پر پہنچ گیا، ایک سال میں بجلی کے شعبے میں سالانہ خسارہ 453 ارب ہوا۔بجٹ پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی پرتعیش اشیاء پر لگائی ہے،غریب آدمی کے استعمال کی کسی چیز پر ٹیکس نہیں بڑھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 183 ارب میں سے 92 ارب روپے انتظامی اقدامات سے اکھٹے کئے جائیں گے، ابھی ایک ماہ ہوا ہے، آگے دیکھیں کیا ہوتا ہے، گھنگرو والوں کیلئے مشورہ ہے اپنے حصے کا جائز ٹیکس دینا شروع کردیں، یہ نہ سمجھنا کہ گزشتہ حکومت کی طرح صرف تقاریر کریں گے، ہم ٹیکس چوروں کے پیچھے جائیں گے اور انہیں پکڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 200 ارب ڈالر کا ذکر ہم نے یا کسی اور نے نہیں، اسحاق ڈار نے کیا تھا، منی لانڈرنگ کا پیسہ واپس لانے کیلئے پہلی ہی کابینہ اجلاس میں ٹاسک فورس بنادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیم کے حوالے سے جس خلوص نیت سے بات کی گئی کاش ایسے کام بھی کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکس 1800 سی سی گاڑی پر بڑھایا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں